حکومت پاکستان نے برمی مسلمانوں کے مسائل پر اقوام متحدہ میں آواز اٹھانے کافیصلہ کیا ہے ‘لیاقت بلوچ

بدھ 10 جون 2015 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت پاکستان نے برمی مسلمانوں کے مسائل پر اقوام متحدہ میں آواز اٹھانے کافیصلہ کیا ہے ، جماعت اسلامی اس کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ یہ اقدام دیر آید درست آید ہے لیکن ضرورت ہے کہ عالم اسلام کو متحرک کیا جائے ، عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے اہم ہے کہ مسلم ممالک کو یک آواز کیا جائے ،چودہ جون کو اسلام آباد میں برما کے مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہاراور عالمی اداروں ، اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی دعویدار تنظیموں کی بے حسی پر احتجاجی ریلی سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور دیگر قومی قائدین خطاب کریں گے ۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے اپنی صدارت میں منصورہ میں منعقدہ مرکزی شعبہ جات کے ناظمین کے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے راولپنڈی میں پو لیس کے وحشیانہ اور ظالمانہ اقدام کی وجہ سے دو نوجوانوں شکیل اور ذیشان کی ہلاکت پر ان کے گھر جان کر تعزیت کی ۔ جمعیت القریش برادری سے اظہار تعزیت کیا اور کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاقانونیت مسلط کریں گے تو قومی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کا اﷲ ہی حافظ ہوگا ۔ حکومت اور پولیس ذمہ داران اس ظالمانہ کلچر کو بدلیں اور ظلم کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :