حکومت سندھ پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،ورثاء کی ہر ممکنہ معاونت کو یقینی بنارہی ہے،سہیل انور سیال

پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریننگ کے معیار پر خصوصی توجہ دی گئی جدید اسلحہ ،دیگر سازوسامان وآلات پولیس کو فراہم کرنے کیلئے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں، پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ حکومت سندھ پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے ورثاء کی ہر ممکنہ معاونت کو یقینی بنارہی ہے۔ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریننگ کے معیار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ جدید اسلحہ اور دیگر سازوسامان وآلات پولیس کو فراہم کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں شہداء سندھ پولیس اور دوران فرائض انتقال کرجانے والے پولیس افسران وجوانوں کے ورثاء میں مالی اعانت کے چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی کرائم سندھ خادم حسین بھٹی، سندھ پولیس کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز دیگر پولیس افسران اور جوانوں کے علاوہ پولیس کے ورثاء کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا مقصد سندھ پولیس کے شہداء کو خراج تحسین جبکہ پولیس کے مجموعی امور میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کو سراہنا تھا۔ اس موقع پر 57 شہداء پولیس افسران اور جوانوں کے ورثاء میں فی کس 20 ، 20 لاکھ روپے مالی اعانت کے چیک دوران فرائض انتقال کرجانے والے 80 پولیس افسران کے ورثاء میں 3 سے 5 لاکھ روپے تک مالی اعانت کے چیک تقسیم کرنے کے علاوہ محکمانہ فرائض میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 27 پولیس افسران وجوانوں کو نقد انعامات وتفریحی اسناد بھی دی گئیں۔

صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ شہداء پولیس کے ورثاء میں علیحدہ سے پلاٹس کی فراہمی کا بھی حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ضروری امور کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن وامان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس افسران اور جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں تک کو قربان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہداء پولیس کے اہل خانہ کی کفالت اور ہر ممکن امداد کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہداء پیکیج 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1 کروڑ روپے تک کرنے کی تجویز بھی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سندھ کو مزید موثر بنانے کے لیے پہلے مرحلے میں کراچی شہر کے ہر تھانے کو ایک پولیس موبائل اور 10 موٹرسائیکلوں کی فراہمی کے اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ شاہراہ فیصل پر پولیس پٹرولیم کے لیے 20 موبائلوں پر مشتمل ایک فلیٹ بھی تیار کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے شہداء پولیس کے ورثاء سے ملاقات بھی کی اور درپیش مشکلات اور وسائل سے آگاہی لیتے ہوئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔

متعلقہ عنوان :