بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے49لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 23ارب روپے پر مشتمل رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کی قسط جاری کردی

بدھ 10 جون 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے49لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 23ارب روپے پر مشتمل رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کی قسط جاری کردی ہے۔ بی آئی ایس پی موجود ہ حکومت کے تحت چلنے والا جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ ہے جس کے تحت 4.9ملین خاندانوں کو 1500روپے ماہانہ اور 4500روپے سہ ماہی فی خاندان مہیا کیے جاتے ہیں ۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق بی آئی ایس پی رجسٹرڈ مستحقین کو پارٹنر بینکوں کے ذریعے رقم مہیا کرتا ہے جن میں بینک الفلاح، یوبی ایل، ایچ بی یل، تعمیر بینک ، سمٹ بینک اورسندھ بینک شامل ہیں تاہم مستحق خواتین کسی بھی بینک کی اے ٹی ایم سے اپنی رقم نکلواسکتی ہیں۔ پروگرام کے ذریعے ملک سے غربت کی شرح میں کمی کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو خود کفیل بنایا جاسکے اور غربت کی اتھاہ گہرائیوں سے نکالا جاسکے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک سے پہلے اس قسط کے اجراء سے رجسٹرڈ خاندانوں کو اس با برکت مہینے میں معاشی ریلیف حاصل ہوگا۔ بینکوں کو جاری کردہ 23ارب روپے مستحقین کے انفرادی بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوجائیں گے جس کے بعد مستحقین اپنی رقوم نکلوا سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام مستحق خواتین رقوم کے حصول کیلئے اپنا کارڈ خود استعمال کریں اور دھوکہ باز عناصر سے ہوشیار ہیں۔ خواتین کسی بھی پریشانی یا دشواری کی صورت میں اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر سے رجوع کریں یا ٹول فری نمبر 0800-26477 پر کال کر کے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔