ایف جی سکولوں اور کالجوں کو ماڈل کالجوں کے مساوی لانے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی ہے ٗ بیرسٹر عثمان ابراہیم

کمیٹی ایف جی سکولوں اور کالجوں کی سہولیات اور عمارات کا جائزہ لے کر سفارشات تشکیل دیگی ٗ تقریب سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء )وزیر مملکت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ ایف جی سکولوں اور کالجوں کو ماڈل کالجوں کے مساوی لانے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایف جی سکولوں اور کالجوں کی سہولیات اور عمارات کا جائزہ لے کر سفارشات تشکیل دے گی، ان سفارشات پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔

بدھ کو پانچویں اور دسویں جماعت میں پہلی دس پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ میں کیش ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیم کے زیر انتظام کام کرنے والے تعلیمی اداروں میں نتائج کا تناسب 82 فیصد رہا جبکہ میٹرک میں یہ تناسب 83 فیصد تھا جو کہ حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تعلیمی اداروں میں یکساں معیار کیلئے کام کر رہی ہے جس کیلئے ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایف جی کے تعلیمی اداروں میں سہولیات اور عمارات کا جائزہ لے گی اور ان تعلیمی اداروں کو ماڈل تعلیمی اداروں کے مساوی لانے کیلئے ایک رپورٹ تشکیل دے گی جس پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار کو ماڈل تعلیمی اداروں کے مساوی لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری کیڈ خالد حنیف نے خواتین اساتذہ اور طالبات کو مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں آگے ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ تقریب کے آخر میں وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم نے طلبہ میں کیش ایوارڈز تقسیم کئے۔