نریندر مودی پاکستان کو میانمر نہ سمجھیں ،پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال دی جائے گی،امن ہماری کمزوری یا مجبوری نہیں ،بھارت کو پڑوسی سمجھتے ہیں ، نریندر مودی بھی پڑوسیوں والے حقوق سیکھیں

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا بیان

بدھ 10 جون 2015 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ نریندر مودی پاکستان کو میانمر نہ سمجھیں ،پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر بری نظر نکال دی جائے گی اور ہاتھ کاٹ دئیے جائیں گے۔امن ہماری کمزوری یا مجبوری نہیں بلکہ خطے کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی وجہ سے امن پالیسی کو اپنا یا ہوا ہے۔

بھارت کو پڑوسی سمجھتے ہیں مگر نریندر مودی بھی پڑوسیوں والے حقوق سیکھیں۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کابھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ وطن عزیز کے استحکام اور سلامتی کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزراء بیانات سے خطے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کو تقویت ملے گی اور خطے کا امن تباہی کی طرف جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہمیشہ دوستانہ اور اچھے تعلقات کو ترجیح دی ہے ۔ نریندر مودی کے حالیہ بیانات پاکستان کو نہیں بلکہ خود ہندوستان کو کمزور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کو بھارتی وزیر اعظم کے بیانات کا دوٹوک جواب دینا چاہئے۔اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو بھی بھارتی بیانات کا نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا جمعہ12جون کو پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا اور پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے تحت ملک بھر کی 78ہزار مساجد میں بھارتی بیانات کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :