` فارمیشن کمانڈر کانفرنس کا بھارتی اشتعال انگیز بیانات کاسخت نوٹس ، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے،آرمی چیف

بھارتی بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارتی قیادت نے ہمسائیہ ممالک میں مداخلت کا اعتراف کرلیا ، دوسروں کے معاملات میں مداخلتپر فخرا فسوسنا ک ہے،جنرل راحیل شریف آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں کور کمانڈرز ، پرنسپل سٹاف آفیسرز ، فارمیشن کمانڈرز کی شرکت، پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی ، آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیا گیا`

بدھ 10 جون 2015 21:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) فارمیشن کمانڈر کانفرنس نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کاسخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عزائم کا ہر حال میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا کسی کو پاکستان کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈر کانفرنس آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی کانفرنس میں کور کمانڈرز ، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ۔

کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیا گیا کانفرنس میں بھارت کے اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے بھارتی بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں بھارتی قیادت نے ہمسائیہ ممالک میں مداخلت کا اعتراف کیا ہے ،اس حوالے سے دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرکے بھارت کا فخر محسوس کرنا افسوسنا ک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے قریب دہشتگردی کا صفایا کیا جارہا ہے دہشتگردوں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا ہمارا بنیادی مقصد ملک کو محفوظ بنانا ہے آخری دشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم دنیا کی پرامن قوم ہے پاکستان کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی اور شمالی وزیر ستان سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے