دھاندلی کا واویلا احتساب کمیشن کے شکنجے سے بچنے کیلئے اپوزیشن کے کرپٹ عناصر کی ناکام کوشش ہے ،گنڈاپور

اپوزیشن بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا واویلا ،انتظامی بدنظمی کا بہانہ بنا کر احتساب کمیشن کے وجود میں آنے پر گھبراہٹ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر مال خیبرپختونخوا

بدھ 10 جون 2015 20:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ اپوزیشن حالیہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا واویلا کرکے اور انتظامی بدنظمی کا بہانہ بنا کر اصل میں احتساب کمیشن کے وجود میں آنے پر گھبراہٹ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ احتساب کمیشن میں انکی کرپشن کے کیس کھل چکے ہیں اور عنقریب ماضی کے حکمرانوں میں موجودکرپشن میں ملوث بڑے بڑے مگر مچھوں پر احتساب کا شکنجہ سخت ہونیوالا ہے جس سے یہ سب لوگ پریشان ہونے والے ہیں۔

انہوں نے آج پشاور میں میـڈیاکے نمائیندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی تو در اصل اُن تمام کرپٹ لوگوں نے اپنی ڈوبتی نیا کو بچانے کیلئے کی ہے اور بد نظمی جان بوجھ کر الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی وزیر انتظام بلدیاتی الیکشن کو مشکوک بنانے کیلئے بھر پور اورمنظم سازش کے ذریعے ناکام طریقے سے کی گئی انہوں نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق تمام سرکاری مشینری الیکشن کے دوران حکومت کے ما تحت نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کے زیر انتظام ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا بلدیاتی الیکشن میں بدنظمی اور دھاندلی درحقیقت اپوزیشن نے اپنی سابقہ مہارت کے مطابق اپنے چیلوں سے کروانے کی کوشش پورے صوبے میں کی مگر الزام حکومت کے سر دھرنے کی جو کوششیں اور الزامات سامنے آ رہے ہیں وہ محولا بالا انتخابی قواعد و اصولوں کے مطابق دراصل الیکشن کمیشن پر عائد کئے جا رہے ہیں کیونکہ الیکشن کا صاف و شفاف انداز میں انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کی ہدایات و ضروریات کے مطابق محدود وسائل کے باوجود ہر ممکن مدد کی۔

صوبائی وزیر مال نے اس موقع پر میڈیا کو مزید بتایا کہ اگر اپوزیشن میں موجود ان کرپٹ عناصر کا یہ خیال ہے کہ انکی ان حرکتوں سے ان کا احتساب نہ ہوگا تو ان کی خام خیالی ہے اور بڑی بھول ہے کیونکہ پاکستان تحرک انصاف اور چیئر میں عمران خان کا یہ قوم سے پکا وعدہ ہے کہ ہر کرپٹ کا بے لاگ احتساب ہوگا اور صوبائی حکومت یہ وعدہ پائے تکمیل تک ہر صورت پہنچائے گی۔