نواز شریف منی لانڈرنگ کیس کا تحریری فیصلہ جلد جاری کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

بدھ 10 جون 2015 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) نواز شریف منی لانڈرنگ کیس کا تحریری فیصلہ جلد جاری کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ یہ درخواست بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ کے جسٹس محمد فرخ عرفان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے نواز شریف کے خلاف پچیس سال قبل دائر منی لانڈرنگ کیس کازبانی حکم سنایا۔

(جاری ہے)

ضابطہ فوجداری،قانون شہادت اور دیگر ملکی قوانین کے تحت عدالت عالیہ کے ججز کوفیصلہ تحریر کر کے سنانا چاہئیے مگر اسکے باوجود اس کیس میں فیصلہ تحریر کئے بغیر کھلی عدالت میں زبانی فیصلہ سنایا گیا۔تین ہفتے گزرنے کے باوجود اس درخواست کاتحریری فیصلہ جاری نہیں ہو سکا لہذا عدالت نواز شریف منی لانڈرنگ کیس کا تحریری فیصلہ جلد جاری کرنے کی ہدایات جاری کرئے۔نواز شریف منی لاندڑنگ کیس انیس سو نوے میں دائر کیا گیا تھا جس میں درخواست گزار نے یہ موقف اختیار کر رکھا تھا کہ میاں نواز شریف نے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔تاہم عدالت کی جانب سے درخوسات ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی گئی تھی۔