بھارت دن کو خواب دیکھنا چھوڑ دے،پاکستان میانمر نہیں ہے،چوہدری نثار

دشمن آنکھیں اور کان کھول کر سن لیں پاک فوج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیگی،دھمکی آمیز بیانات سے پاکستان مرعوب نہیں ہوگا،بھارت کی تسلط اور اجارہ داری قبول نہیں یل او سی پر فائرنگ بھارت کی پالیسی کا حصہ ہے،بھارت نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کر دیئے،وزیر داخلہ کابھارتی وزیر کے بیان پر شدید ردعمل

بدھ 10 جون 2015 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن آنکھیں اور کان کھولیں اور سن لیں پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،بھارت کی خطے میں تسلط اور اجارہ داری قبول نہیں،نت نئے دھمکی آمیز بیانات سے پاکستان کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا ،بھارتی قیادت دن کو خواب دیکھنا چھوڑ دے،بدھ کے روز وزیر داخلہ نے بھارتی وزیر راجیاوردھن کے پاکستان کو دھمکی آمیز کے رد عمل میں کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ،پاکستان میانمر نہیں ہے بھارتی وزراء اپنی آنکھیں اور کان کھولیں اور دن کو خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور اس حوالے وزیر اعظم نواز شریف نے پاک بھارت امن مذاکرات کا اعادہ کیا ہے لیکن بھارتی وزیر اعظم اور ان کے وزیر کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات سے جاری بات چیت کے عمل کو شدید دھچکا لگا ہے اور بھارت نے مذاکرات کے دروازے مکمل طور پر بند کر دیئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن کان کھول کر سن لیں پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان کی جانب سے میلی آنکھ دینے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے،انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر فائرنگ بھارت کی پالیسی کا حصہ ہے،پاکستان پر تسلط قائم کرنے کی بھارتی عزائم پہلے کامیاب ہوئے ہیں اور نہ ہی ہوں گے،بھارتی وزیر کے دھمکی آمیز بیانات سے پاکستان مرعوب نہیں ہوگا۔