پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ اور ترک این جی او کمسے یوک مو کے درمیان پاکستان میں سفید موتئے کے خاتمہ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پردستخطوں کی تقریب کا انعقاد

دوسال میں25 ہزار افراد کو اندھے پن سے بچانے کیلئے مفت سرجری کی جائے گی، ڈاکٹر امجد ثاقب

بدھ 10 جون 2015 18:48

لاہور ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل اور ترک این جی او کمسے یوک مو کے درمیان پاکستان میں سفید موتئے کے خاتمہ کیلئے ایک مفاہمت کی یادداشت پردستخط کرنے کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل کے ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی اور ترک این جی او کمسے یوک مو کے کنٹری ریپریزنٹیٹو از جان اینان نے دستخط کئے۔

اس موقع پرصوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق‘سیکرٹری سوشل ویلفیئر ہارون رفیق‘ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک‘ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن امبرین رضا‘ پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

از جان اینان نے کہا کہ ان کا ادارہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے 50سے زائد ملکوں میں سفید موتئے پر کام کر رہا ہے۔

انہیں اس موقع پر انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ ان کا ادارہ پاکستان میں ایک ایسا عظیم کام کرنے جا رہا ہے جس سے ہزاروں لوگوں کی آنکھوں میں نور قائم رہ سکے گا اور یہ لوگ مفت سرجری کے بعد عام لوگوں کی طرح دیکھ سکیں گے۔انہوں نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جن کی زندگی کا مقد صرف لوگوں کی خدمت ہے۔پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 16 لاکھ افراد سفید مو تئے میں مبتلا ہیں جن کی آئی سرجری ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل سپیشل افراد کے حوالے سے کام کرنے والا حکومت پنجاب کا ادارہ ہے جو 110این جی وز کو مالی تعاون فراہم کر رہا ہے۔ معاہدے کے بعد کمسے یوک مو اورپنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبل آئندہ 2سالوں میں25ہزار افراد کو اندھے پن سے بچانے کیلئے پارٹنر این جی اوز کے ذریعے مفت سرجری کی جائے گی۔ابتدائی طور پر لاہور ‘راولپنڈی‘کامونکی‘بلکسر‘پسرور اورنارنگ منڈی سمیت دیگر علاقوں میں سرجریاں کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :