تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، کیپٹن ریٹائرمشاق احمد

بدھ 10 جون 2015 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمیشنرز اور اسسٹنٹ کمیشنرز سٹی، انڈسٹریل ایریا اور رورل کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر و صنعتکار مقامی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں لہذا مقامی انتظامیہ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کیلئے ایک جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے تحت میٹر بس روٹ پر واقع کاروباری مراکز کے سیکیورٹی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی تشکیل نو کی جا رہی ہے اور تاجر برادری کے نمائندگان کو بھی ان کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا تا کہ ماہ رمضان کے دوران مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمبر اور مقامی انتظامیہ کے درمیان قریبی روابط تاجر برادری کے مسائل کو بہتر طور پر حل کرنے اور کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے میں مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مقامی انتظامیہ کاروباری طبقے سے متعلقہ تمام معاملات میں چیمبر کو اعتماد میں لے گی تا کہ باہمی مشاورت سے معاملات طے کئے جائیں اور معیشت کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے تاجر برادری کو درپیش مسائل سے مقامی انتظامیہ کے نمائندگان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ اور چیمبر کے درمیان مسلسل رابطہ ضروری ہے تا کہ مشترکہ کوششوں سے ایشیاء کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھا جا سکے اور غیر ضروری منافع خوری پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسائز اور ٹیکسیشن آفس کی ایچ ایٹ سیکٹر میں منتقلی سے پارکنگ کے بہت مسائل پیدا ہو گئے ہیں لہذا انتظامیہ اس مسئلے کا جلد حل نکالے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی بورڈ کی تشکیل نو کی جائے اور تاجر برادری کو بھی بورڈ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اسلام آباد میں واقع فلور ملوں کے معاملات بارے ایک مارکیٹ کمیٹی بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاہم اسلام آباد چونکہ ایک زرعی علاقہ نہیں ہے لہذا مذکورہ کمیٹی قائم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے کیونکہ اس سے فلور مل سے وابستہ کاروباری طبقے کیلئے نئے مسائل پیدا ہونگے۔

طارق صادق، محمد اعجاز عباسی، اجمل بلوچ، ملک سہیل حسین، شیخ عامر وحید، چوہدری ریاست، شاہد زمان شنواری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل کو اجاگر کیا تا کہ انتظامیہ ان کو حل کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ انتظامیہ کے دفاتر اور کچہری کو ایف ایٹ سے جلد منتقل کیا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے علاقے کی تاجر برادری اور رہائشیوں کیلئے سیکیورٹی کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریا کے مسائل سے بھی مقامی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا اور ان کے جلد حل کیلئے تجاویز دی گئیں۔