نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں پاکستان کیخلاف شر انگیز بیان دیکر متعصبانہ ہندو ذہنیت کی عکاسی کی ہے، چودھری عبدالمجید

بدھ 10 جون 2015 15:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بنگلہ دیش میں پاکستان کے خلاف شر انگیز بیان دے کر ایک متعصبانہ ہندو ذہنیت کی عکاسی کی ہے بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کے پس پردہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اختلافات کے بیج بونے کی گھناؤنی سازش کار فرما ہے نئی دہلی اس سازش میں ہر گز کامیاب نہیں ہوگی۔

عالمی برادری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کا نوٹس لے ۔ان خیالات کااظہا رانہوں نے سردار طاہر حمید کی قیادت میں حلقہ 4پونچھ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت بین الاقوامی دہشت گرد ملک ہے جس نے ریاستی دہشت گردی اور ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق سلب کررکھے ہیں اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممبر بننے کے لیے سر توڑ کوششیں کررہا ہے بھارت کو اپنے اس مقصد میں ہرگز کامیابی حاصل نہیں ہوگی جب تک بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کر لیتا اور پاکستان کو سچے دل سے تسلیم نہیں کرلیتا اپنے پڑوسی ملکوں میں ”را“ کے ذریعے انہیں کمزور کرنے کی کارروائیوں سے باز نہیں آجاتا تب تک وہ ہر گز اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

قبل ازیں میرپور کی ممتاز شخصیت صدر چمبر آف کامرس جاوید اقبال چوہدری سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں اکنامک زون قائم کریں گے اور انڈسٹریل اسٹیٹ میرپور میں سوئی گیس سمیت تمام سہولتیں فراہم کریں گے میرپور جو تارکین وطن اور متاثرین منگلا ڈیم کا شہر ہے اس میں تمام جدید سہولتیں فراہم کریں گے اور میرپور کو بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنائیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیرکو صدر چمبر آف کامرس نے میرپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ میں سوئی گیس کی فراہمی، سیلز ٹیکس کی چھوٹ ، میرپور میں کنٹونمنٹ بورڈ کی طرف سے ٹول ٹیکس میں سو گنا اضافہ کے خلاف شہریوں اور ٹرانسپورٹروں کو درپیش مشکلات اورمیونسپل کارپوریشن کو روڈز کی بہتری کے لیے فنڈز کی فراہمی اورمیرپور میں سپیشل اکنامک زون قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ میرپور میں انڈسٹری کے فروغ سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر صدر چمبر آف کامر س کو یقین دہانی کرائی کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے معاملہ پر جلد کارروائی ہوگی اور میرپور جو تارکین وطن متاثرین منگلا ڈیم کاشہر ہے ان شہریوں کے تمام معاملات کو یکسو کرتے ہوئے حل کیا جائے گا اور کارپوریشن میرپور کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کیے جارہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔

عوام کی خدمت ہماری سیاست کا محور ومرکز ہے حکومت نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جو اقدامات شروع کررکھے ہیں اس سے آزادکشمیرمعاشی خوشحالی کے ٹریک پر آجائے گا اور آزادکشمیر کے عوام کو زندگی کی جدید سہولتیں مہیا ہونگی انہوں نے صدر چمبر آف کامرس کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کی جو بھی مثبت تجاویز ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :