توانائی بحران کے حل لیے پنجاب بجٹ میں کالابا غ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا جائے‘ افتخار بشیر

بدھ 10 جون 2015 14:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے حل کیلئے پنجاب بجٹ میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا جائے ،کالا باغ ڈیم پنجاب کا منصوبہ ہے اور یہ پنجاب میں ہی تعمیر ہونا ہے اس لیے آمدہ پنجاب بجٹ2015-16 میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں اور یہ منصوبہ بھی میٹروبس سروس کی طرح برق رفتار سے مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔اس لیے بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جائیں توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیرناگزیر ہے پہلے مرحلہ میں اس کی تعمیر کا اعلان کیا جائے اور پھر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر اس پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر نے کہا کہ پن بجلی توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے ،مہنگی بجلی سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشانی کا شکار ہیں ،انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے چھوٹے ڈیم بنا کر پانی اور توانائی کے بحران کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے لیکن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ، کالاباغ ڈیم کا منصوبہ سستی ترین بجلی کے حصول اور زراعت کی ترقی کا باعث بنے گا۔

پاکستان کا مستقبل زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے جب زراعت ترقی کرے گی تو صنعت کو وافر خام مال مہیا ہوگا اور چمنیوں سے نکلنا شروع ہوجائے گا ۔6.1ملین فٹ پانی کا ذخیرہ کرنے والے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔