ملتان جانیوالی نجی کمپنی کی بس کو نامعلوم افراد نے ملتان کے قریبی نواحی علاقہ ٹاٹے پور سے اغوا کرلیا ، بس میں 35سے 40مسافر سوار تھے ، پولیس نے ملتان ، ڈیرہ غازی خان کے داخلی وخارجی راستوں کی ناکہ بند ی کرکے بس کی تلاش شروع کردی ،وزیرا علیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی مسافروں اور بس کی بازیابی کیلئے احکامات جاری کردئیے

بدھ 10 جون 2015 00:23

ملتان جانیوالی نجی کمپنی کی بس کو نامعلوم افراد نے ملتان کے قریبی نواحی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 جون۔2015ء) ملتان جانیوالی نجی کمپنی کی بس کو نامعلوم افراد نے ملتان کے قریبی نواحی علاقہ ٹاٹے پور سے اغوا کرلیا ، بس میں 35سے 40مسافر سوار تھے ، پولیس نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بند ی کردی ،بس نے ملتان سے ڈیرہ غازی خان جاناتھا لیکن اس کو ملتان پہنچنے سے پہلے ہی نواحی علاقے ٹاٹے پورسے اغوا کرلیا گیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد سے ملتان روانہ ہونے والی بس میں 35سے40مسافر سوار تھے جن میں خواتین اور مرد شامل تھے اور ان میں سے چند مسافروں نے ملتان اترنا تھا جس کے بعد بس نے باقی مسافروں کو لے کر ڈیرہ غازی خان روانہ ہونا تھا ۔ مسافر بس جب ملتان کے قریب پہنچی تونامعلوم افراد نے بس کو مسافروں اغوا کر کے نامعلوم مقام کی طرف لے گئے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس اور قانون نافذ اداروں نے ملتان اور ڈیرہ غازی کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرنے کے ساتھ بلوچستان جانیوالے راستوں کی ناکہ بندی بھی کر کے بس کی تلاش شروع کردی گئی ۔

(جاری ہے)

تاہم کسی بھی تنظیم کی جانبسے بس کواغوا کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ۔ بس کے اغوا ہونے پر وزیرا علیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی مسافروں اور بس کی بازیابی کیلئے احکامات جاری کردئیے۔وزیرا علیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ مغوی مسافروں کے جان مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اغوا کاروں کو جلد ازجلد گرفتار کیاجائے ۔یادر ہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ نے 6جون کو مراسلے کے ذریعے پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے درمیان چلنے والی مسافر بسوں اور فلائنگ کوچز کو اغوا کیے جانے کا اندیشہ ہے ۔

بس کے اغوا ہونے کی اطلاع ملنے پر بس میں سوار مسافروں کے رشتہ دار ملتان نجی بس اڈے پر جمع ہوگئے اور اپنے عزیزوں کی خیر و آفیت کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ۔