وورنکا فرنچ اوپن کے فاتح

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 8 جون 2015 00:00

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7جون۔2015ء)سٹان وورنکا نے نواک جوکووچ کا کیرئیر گرینڈ سلام کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے فرنچ اوپن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔ 2014 میں آسٹریلین اوپن جیتنے والے وورنکانے اتوار کو عالمی نمبر ایک جوکووچ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 4-6, 6-4, 6-3, 6-4 سے شکست دیتے ہوئے اپنے کیرئیر کا دوسرا بڑا ٹائٹل جیت لیا۔ اپنا دوسرا گرینڈ سلام فائنل کھیلنے والے تیس سالہ وورنکا پچھلے 25 سالوں میں فرنچ ٹائٹل جیتنے والے سب سے زائد عمر کھلاڑی ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے چار سالوں میں تیسری مرتبہ رولانڈ گیراس کورٹ میں ناکام رہنے والے سرب سٹار گرینڈ سلام جیتنے والے آٹھویں کھلاڑی بنتے بنتے رہ گئے۔ میچ کے بعد وورنکا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا’ مجھے یقین ہونا مشکل ہو رہا ہے لیکن آخر کار یہ ہو گیا‘۔ ’یہ میری زندگی کا سب سے بڑا میچ تھا۔ نواک نے مجھے بڑا چیلنج دیا۔ یہ میرے لیے خاص لمحہ ہے‘۔ خیال رہے کہ 2015 میں 44 میچوں میں جوکووچ کو تیسری مرتبہ شکست ہوئی۔ اس شکست کے ساتھ ہی ان کا لگاتار 28 میچ جیتنے کا سلسلہ بھی ختم ہوا۔