پیپلز پارٹی نے بجٹ پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا، پارٹی قیادت میں تفصیلی مشاورت

بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمانی انداز میں تنقید کی جائے اور حکومت کو آگاہ کیا جائے کہ بجٹ میں ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں، پارٹی قیادت پیپلز پارٹی کا دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ ، بجٹ بحث کے دوران اپوزیشن کا بھرپور مؤقف پیش کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی پیپلز پارٹی اس بات پر غور کررہی ہے کہ پارلیمنٹ کے ساتھ عوامی سطح پر بھی احتجاج کیا جائے، احتجاج میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی شامل کیا جائیگا،ذرائع

اتوار 7 جون 2015 17:23

پیپلز پارٹی نے بجٹ پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا، پارٹی قیادت میں تفصیلی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) پیپلز پارٹی نے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پارٹی قیادت میں تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ جس کے بعد سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوران بھرپور طریقے سے پارلیمانی انداز میں تنقید کی جائے اور حکومت کو آگاہ کیا جائے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس صورت حال پر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے اور بجٹ بحث کے دوران اپوزیشن کا بھرپور مؤقف پیش کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں حکومت کو تجاویز دی جائیں گی اور کہا جائے گا کہ ان تجاویز کو بجٹ منظور کرانے سے قبل شامل کیا جائے تاہم اگر حکومت اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف کو تسلیم نہیں کرتی ہے اور قومی اسمبلی سے بجٹ پاس کروالیا جاتا ہے تو سینیٹ میں بجٹ کو منظور ہونے سے روکنے کے لئے پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنائے گی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی کوشش ہوگی کہ جب تک بجٹ میں عوامی نوعیت کے منصوبوں اور غریب عوام کے لئے اصلاحات منظور نہیں کی جاتیں۔ اس وقت تک بجٹ سینیٹ سے منظور نہ ہونے دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کو تجویز دے گی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے اس پر نظر ثانی کی جائے۔ کم از کم 10 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں بجٹ کے معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی اس بات پر غور کررہی ہے کہ پارلیمنٹ کے ساتھ عوامی سطح پر بھی احتجاج کیا جائے۔ اس احتجاج میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ جلد اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارلیمنٹ میں بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔