کیلی فورنیا کی ریاستی سینٹ میں تمباکو نوشی کے لئے عمر کی حد18 سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کا بل پیش

بدھ 3 جون 2015 14:08

لاس اینجلس۔ 03 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) کیلی فورنیا کی ریاستی سینٹ میں تمباکو نوشی کے لئے عمر کی حد18 سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کے لئے بل پیش کردیا ہے ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں تمباکونوشی کے لئے عمر کی حد 18 سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کے لئے بل سینٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد سینٹ کے 26ارکان نے بل کی حمایت کی جبکہ 8ارکان نے بل کی مخالف میں ووٹ دیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر ایڈ برناڈیز جنہوں نے مذکورہ بل پیش کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ بل سینٹ سے پاس ہو جاتا ہے تو کیلی فورنیا امریکا کی پہلی ریاست ہوگی جہاں تمباکو نوشی کے لئے عمر کی حد میں اضافہ کیا جارہا ہے ایڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مذکورہ بل کو پاس نہیں کرالیتے کیونکہ یہ معاملہ ہماری نوجوان نسل کا ہے جو اس لعنت میں شامل ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے اور اس بات کا اندازہ تمباکو بنانے والی کمپنیوں کو بھی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ریاست ہوائی میں بھی اپریل کے مہینے میں عمر کی حد 21سال مقرر کرنے کے لئے بل پیش کیا گیا تھا جو ابھی تک گورنر کے دستخط کا منتظر ہے۔