پاک فضائیہ کے سربراہ کا چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن اور کیٹک ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

منگل 2 جون 2015 22:42

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے سنٹرل ملٹری کمیشن کا دورہ کیا اور وائس چیرمین جنرل فین چینگ لونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک بھارت تعلقات اور بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کے تناظر میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کے حل پر زور دیا تاکہ خطے میں امن کی فضاء برقرار رہ سکے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون کو بڑھانے او ر استعداد ی قوت میں اضافے پر بھی زور دیا۔قبل ازیں ،پاک فضائیہ کے سربراہ نے مسٹر لیو جیان چاؤ، معاون وزیر خارجہ برائے امور جنوبی ایشیاء سے ملاقات کی ۔ ائیر چیف نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاون وزیر کوعلاقائی امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کے بارے میں بتایا اور انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ ایک اچھی مربوط اور قریبی تعاون کے ذریعے حاصل ہو سکتی ہے۔ وزیر نے ائیر چیف کو چائنہ کی طرف سے پاکستان کو ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا اور اقتصادی راہداری جیسے ٹھوس اقدامات شروع کرنے یقین دہانی کروائی اور انہوں نے اس بات کی خواہش کی کہ سٹریٹجک منصوبہ جات کی کامیابی کے لئے بہترین سیکیورٹی کے انتظامات کئے جانے چاہئیں ۔

بعد ازاں، پاک فضائیہ کے سربراہ نے چائنہ نیشنل ائیرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن(CATIC)کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کیٹک کی اعلیٰ قیادت سے تفصیلی ملاقات کی ۔کیٹک پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے ساتھ JF-17تھنڈر طیارے کی مشترکہ پیداوارکر رہا ہے ۔ اس تاریخی پروگرام کی بدولت دونوں دوست ممالک کے مابین قائم دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔ ائیر چیف نے کیٹک کے صدر مسٹر ژ ین ژنگ سے بات کرتے ہوئے JF-17 کی پیداوار پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ JF-17 Block-IIIکی پیدا وارکو اور بہتر بنا کر ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :