اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں

منشیات کی سمگلنگ میں ملوث خاتوں سمیت 11 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی

منگل 2 جون 2015 22:35

راولپنڈی ۔ 02 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) اے این ایف نے ملک بھر میں 10کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 17 کلو گرام ہیروئن اور 76 کلو گرام چرس برآمد کرلی ۔جبکہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث خاتوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور 4گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔ گرفتاشدہ ملزمان میں جڑواں شہروں کے تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کو منشیات مہیا کرنے والے 3ملزمان بھی شامل ہیں۔

برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت تقریباً 29کروڑ روپے بنتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق، اے این ایف روالپنڈی نے تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات کو منشیات فراہم کرنے والے 3 ملزمان محمد شبراز، یاسر فیض اور محمد عمران کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان کے قبضے سے 750 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان روالپنڈی ، اسلام آباد کے تعلیمی اداروں خصوصاً نجی اداروں کے طلبہ اور طالبات کو منشیات فراہم کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔

ملزمان کو روالپنڈی گلستان کالونی لائن نمبر۔1 سے گرفتار کیا گیا۔اے این ایف روالپنڈی ٹیم نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے چونگی نمبر۔26 جی ٹی روڈ روالپنڈی کے قریب ٹویوٹا کرولا کار نمبر۔BG-780 کو تحویل میں لیکر گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 8 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی اور منشیات لے جانے والے پشاور کے رہائشی حیات خان نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم مقامی منشیات فروشوں کو منشیات فراہمی کی غرض سے روالپنڈی آرہاتھا۔اے این ایف روالپنڈی روڈ چیک ٹیم نے ملاں منصور ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک پر خیبر ایجنسی کے رہائشی شاہ نور نامی شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ ملزم کو راولپنڈی آنے والی مسافر بس سے گرفتار کیا گیا۔اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے اٹک جی ٹی روڈ پر واقع حاجی شاہ موڑ بس سٹاپ سے خاتون سمگلر سعیدہ سکنہ پشاور کو حراست میں لیکر اس کے قبضے سے 2.5 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

ملزمہ قریبی علاقے میں کسی مقامی منشیات فروش کو منشیات مہیا کرنے کی غرض سے پہنچی تھی۔اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے خانیوال ٹول پلازہ پر ایک ٹویوٹا کرولا کار نمبر۔ABY-118 کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 6 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔گاڑی میں سوار منشیات لانے والے صوابی کے رہائشی مقرم خان نامی شخص اور منشیات وصول کرنے والے مبشر حسین سکنہ خانیوال نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے کوہاٹ میں انڈس ہائے وے پر واقع روالپنڈی کوہاٹ روڈ پل سے ملزم محمد رفیق کو گرفتار کرکے اس کے ذاتی قبضے سے 7.2 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کاروائی کے دوران پشاور شہر میں واقع کوہاٹ بس آڈہ کے قریب ایک ہائی ایس ویگن کو قبضے میں لیکر گاڑی کے مختلف حصوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 33.6 کلو گرام چرس برآمد کرلی اور 2 ملزمان راول گل اور اول خان کو گرفتار کرلیا ، جو مبینہ طور پر یہ منشیات پنجاب منتقل کرنا چاہتے تھے۔

اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے کوہاٹ شہر میں واقع کے ڈی اے رنگ روڈ پرکھڑی ایک لاوارث سوزکی کلٹس کارنمبر۔LEB-3152کو تحویل میں لیکر گاڑی کے دروازوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 6 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔اے این ایف کراچی نے کراچی مرکزی TCS کے د فتر سے برطانیہ ارسال کیا جانے والا پارسل قبضے میں لیکر اس میں موجود وزیٹنگ کارڈ کی پیکنگ میں چھپائی گئی 250 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

مذکورہ پارسل کراچی کے رہائشی شاہ رخ امتیاز نامی شخص کی طرف سے برطانیہ رہائش پذیراسلم عاطف نامی شخص کو بھجوایا جارہا تھا۔ اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب کاروائی کے دوران ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی کے علاقے شورچاہ جنگل میں واقع ایک غیر آباد جھونپڑے میں زخیرہ کی گئی 27 کلو گرام چرس برآمد کرلی، جو مبینہ طور پر کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے رکھی گئی تھی اور محفوظ اشارہ ملنے پر کسی دوسرے مقام پر منتقل کی جانی تھی۔ تما م مقدمات اے این ایف کے تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں ، مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :