خیبرپختونخواحکومت کی ایک اوراتحادی جماعت عوامی جمہوری اتحادنے بھی بلدیاتی انتخابات مستردکردئیے

الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کرے ،شہرام ترکئی کی پریس کانفرنس

منگل 2 جون 2015 22:34

پشاور۔02 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء ) خیبر پختونخوا میں حکومتی اتحاد ی جماعت عوامی جمہوری اتحاد پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کردئیے ہیں اور فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران شہرام ترکئی نے بتایاکہ صوابی سمیت صوبے کے کئی اضلا ع میں بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہو ئی ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کیساتھ اسلام آباد میں چار ماہ تک دھرنا اسلئے دیا تھاکہ ہر الیکشن صاف اور شفاف ہو سکے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوابی میں پولیس اور پریذائیڈنگ آفیسر دھاندلی میں ملوث تھے ،راستوں ، گلی کوچوں اور کھیتوں سے بیلٹ پیپرز بر آمد ہو ئے ہیں جو دھاندلی کی سب سے بڑی مثال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوابی کے مختلف وارڈز میں خواتین ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا خواتین نے بلدیاتی انتخابات میں صوابی کے ایک وارڈ میں آٹھ سو میں سے صرف چودہ ووٹ جبکہ دوسرے وارڈ میں 1150 ووٹ میں سے صرف آٹھ ووٹ پول کئے گئے ہیں جنہوں نے اپنی شکایات ڈپٹی کمشنر آفس میں بھی جمع کرائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی میں ریٹرننگ افسران اور پولیس برابر ملوث ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیکر دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کرے اور دھاندلی میں ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی کیجائے بصورت دیگر وہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔