Live Updates

دھاندلی کا شورمچانے والی تحریک انصاف انکوائری کمیشن میں دھاندلی کے بارے میں کوئی ثبوت پیش نہ کرسکی

عمران خان اس بات کوتسلیم کرلیں کہ 2013ء کے الیکشن میں عوام نے ان کومسترد کردیاتھا وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان ذرائع ابلاغ سے بات چیت

منگل 2 جون 2015 22:32

اسلام آباد ۔ 02 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہاہے کہ الیکشن 2013ء میں دھاندلی کاشورمچانے والی تحریک انصاف انکوائری کمیشن میں دھاندلی کے بارے میں کوئی ثبوت پیش نہ کرسکی، عمران خان اس بات کوتسلیم کرلیں کہ 2013ء کے الیکشن میں عوام نے ان کومسترد کردیاتھا، وہ گزشتہ دوسال سے مسلسل عوام کوورغلانے پر قوم سے معافی مانگیں۔

منگل کویہا ں انکوائری کمیشن میں الیکشن 2013ء کے دوران مبینہ دھاندلی کے معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کے ہمراہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہاکہ تحریک انصاف نے اب تک الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے جتنے بھی الزامات لگائے ہیں ان میں سے کوئی بھی الزام ثابت نہیں کرسکی، تحریک انصاف نے پہلے ریٹرننگ افسران کودھاندلی کرنے کاذمہ دارٹہرایااور ان کومسلسل نشانہ بنائے رکھا لیکن کمیشن کے روبرو ان کوبلانے کی بات تک نہیں کی، ان لوگوں نے سابق نگراں وزیراعلٰی پنجاب نجم سیٹھی پردھاندلی کرانے کاالزام لگایا اوران کے حوالے سے 35پنکچرلگانے کی بات کی لیکن کمیشن میں اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی جس سے واضح ہوتاہے کہ تحریک انصاف کے سارے الزامات بے بنیاد تھے اورعوام نے ان کومستردکردیاہے۔

(جاری ہے)

انوشہ رحمان نے کہاکہ پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن نے جن 34 افرادکی عارضی خدمات حاصل کی تھیں، اس کی وضاحت پرنٹنگ کارپوریشن کے منیجرنے کردی ہے کہ ان کی خدمات صرف بیلٹ پیپرزکی نمبرنگ اوربائنڈنگ کیلئے حاصل کی گئی تھیں۔ وزیرمملکت نے سابق صوبائی وزیر میاں افتخار حسین کی گرفتاری کے حوالے سے کہاکہ ہم نے ابھی تک کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کی لیکن تحریک انصاف نے سابق صوبائی وزیرکوگرفتارکرایا جس کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات