محکمہ تعلیم نے 3ماہ کی اکھٹی فیسیں وصول کرنے والے درجن سے زائد نجی سکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے

منگل 2 جون 2015 22:32

لاہور ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) محکمہ تعلیم لاہورنے 3ماہ کی اکھٹی فیسیں وصول کرنے والے درجن سے زائد نجی سکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں،جبکہ تین دن کے اندر تسلی بخش جواب جمع نہ کروانے والے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(ڈی ای او) لاہور شیخ حسنات احمدنے بتایا کہ جن نجی سکولوں کو 3ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں لاہور گرائمر سکول جوہر ٹاؤن ،لاہور گرائمر سکول ڈیفنس ،الائیڈ سکول،دارارقم سکول،بریکس سکول ٹاؤن شپ ،دبستان صوفیامزنگ،سٹی سکول،قربان سکول،دی ایجوکیٹرزوالٹن روڈ ودیگرشامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان سکولوں کے سربراہان کو 3دن کے اندر جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے،متعلقہ تاریخ تک ای ڈی اوایجوکیشن کے آفس میں جواب داخل نہ کروانے پر متعلقہ نجی سکولزکو جرمانے یا رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنے مزید بتایاکہ جن پرائیویٹ سکولز کی طرف سے 3ماہ کی اکھٹی فیسیں وصول کرنے کے حوالے سے کوئی بھی شکائت آتی ہے محکمہ تعلیم کی طر ف سے اس پر فوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :