کارکن پارٹی کا ہراول دستہ ہیں ، یوم نجات ہو یا عدلیہ کی بحالی کی تحریک ، یوم تکبیر ہو یا کوئی بھی اہم ایشو، کارکنوں نے اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے ذریعے ہمیشہ پارٹی کو سرخرو کیا، گورنر پنجاب کی مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں سے گفتگو

منگل 2 جون 2015 22:28

لاہور ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کارکن ہماری پارٹی کا ہراول دستہ ہیں جن کے دم سے جماعت مستحکم و مضبوط ہو رہی ہے ، یوم نجات ہو یا عدلیہ کی بحالی کی تحریک ، یوم تکبیر ہو یا کوئی بھی اہم ایشو، کارکنوں نے اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے ذریعے ہمیشہ پارٹی کو سرخرو کیا - ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر سے آئے ہوئے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے رکن صوبائی اسمبلی رانامحمد ارشد کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی -گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے کئی پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں میں نوجوان نسل کی دلچسپی خوش آئند ہے تاہم ہمارے مستقبل کے معماروں کو سیاست کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دینا ہو گی-گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوش قسمت ہیں جنہیں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف جیسی باصلاحیت قیادت ملی ہے جو نیک نیتی کے ساتھ ملک کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں -انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ملک میں سیاسی اتفاق رائے اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار اد ا کیا ہے ‘ پاک چین راہدای منصوبہ ہو یا بلوچستان میں امن و امان کا معاملہ مسلم لیگ کی قیادت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے پر بھارتی اعتراض بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے ، تاہم جس طرح ملکی قیادت نے اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے -گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے باعث مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے حالیہ انتخا بات میں ہماری کامیابی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے - انہوں نے کہا کہ میرا گورنر بننا درحقیقت عام ورکر کی قربانیوں کا اعتراف ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنے ورکروں کو آگے بڑھنے کے تمام مواقع فراہم کر رہے ہیں - اس موقع پر وفد کے سربراہ رانا ارشد نے گورنر پنجاب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ، انہوں نے ورکرز کے لیے وقت نکالنے اور انہیں عزت دینے پر گو رنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا -بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں پی ایم ایل این لائرز ونگ کے وفد نے نصیر احمد بھٹہ کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں گورنر پنجاب کا منصب سنھبالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وفد میں شریف ظفر، ظفر عباس گیلانی، فریاد علی گجر،چوہدری اشتیاق احمد کے علاوہ رانا ظفر اقبال شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری کی قانون و آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے تسلسل کے حوالے سے قربانیاں لازوال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا ء نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز کو بلند کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے وکلاء کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور وہ وکلاء کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت وکلا برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :