حافظ جمال روڈ پر ملتان میٹرو بس منصوبے کے کام کا آغاز کر دیا گیا

منگل 2 جون 2015 22:28

ملتان ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) حافظ جمال روڈ پر ملتان میٹرو بس منصوبے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور عام خاص باغ کے سامنے رگز مشینوں نے ڈرلنگ شروع کر دی ہے۔ حافظ جمال روڈ منصوبے کے ڈائریکٹر نذیر چغتائی نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے اس حصے پر دوست ملک چین کی کمپنی مقامی پارٹنر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ پراجیکٹ پر کام کرنے کے لئے مذکورہ کمپنی کی تمام تیاریاں مکمل تھیں ہیوی مشینری کا انتظام کرلیاگیاتھالیکن میٹرو انتظامیہ کی طرف سے گرین سگنل کا انتظار تھا جبکہ حافظ جمال روڑ کی زمین کی قیمت کے تعین میں وقت صرف ہونے کی وجہ سے ٹائم پرکام شروع نہ کیا جاسکا۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کو گزشتہ روز کام شروع کرنے کا سگنل دے دیا گیا ہے اور پائلز ورک شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نذیر چغتائی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے میٹرو انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ اسے مقرر مدت میں مکمل کیا جا سکے تاکہ شہریوں کو تیز ترین اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آسکیں۔دریں اثناء میٹرو بس پراجیکٹ کے ڈائریکٹر خالد پرویز نے وضاحت کی ہے کہ بوسن روڈ پر سڑک کے وسط میں 40فٹ کے اندر ترقیاتی کام جاری ہے اور سڑک کی مذکورہ چوڑائی کے اطراف میں لوہے کی چادریں نصب کی گئی ہیں تاکہ کنٹریکٹرز اس حدود سے باہر سڑک بلاک نہ کرسکیں اور شہری بھی حادثات سے محفوظ رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دھول کو کنٹرول کرنے کیلئے چھڑکاؤ کاعمل جاری ہے ۔ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بوسن روڈ پر شہریوں کیلئے تکلیف کا باعث بننے والا تمام کام سمیٹ دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :