ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پولز کا افتتاح کر دیا

منگل 2 جون 2015 22:20

کراچی ۔ 2 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی لاگت سے سوئمنگ پولز کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے کاموں کے مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو صحت مندانہ اور تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا موقع ملے گا اور وہ فیملیز اور بچے جو سوئمنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اسپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ حاصل کرنے کے بعد اس سے استفادہ کر سکیں گے، اسپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ کوئی بھی شہری فیس ادا کرکے حاصل کر سکتا ہے، سوئمنگ پول میں موجود پانی کو جراثیم سے پاک اور صاف رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل فلٹر پلانٹ بھی لگایا گیا ہے جسے اسپین سے درآمد کیا گیا، ممبران اب پہلے سے زیادہ بہتر اور محفوظ ماحول میں سوئمنگ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پولز کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن رضا عباس رضوی، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سوئمنگ پولز کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی پی کے تحت بنائے گئے سوئمنگ پولز کی تعمیر اور تزئین وآرائش کے کاموں کے مکمل ہونے میں تقریباً ایک سال کا عرصہ لگا ہے، یہ سوئمنگ پولز بین الاقوامی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے بنائے گئے ہیں اور یہاں اس بات کی بھر پور کوشش کی گئی ہے کہ یہاں آنے والے ممبران کو بھر پور سہولتیں دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں تین طرح کے سوئمنگ پولز بنائے گئے ہیں جس میں مرکزی سوئمنگ پول 164 فٹ لمبا اور 67 فٹ چوڑا ہے جبکہ اس کی گہرائی پانچ فٹ رکھی گئی ہے، اس کے علاوہ ڈائیونگ پول کی لمبائی 50 فٹ جبکہ چوڑائی 42 فٹ ہے اور یہ 17 فٹ گہرا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں بچوں کے لئے بھی گول دائرے میں 12 فٹ ڈایا پر مشتمل ایک چھوٹا سوئمنگ پول بھی بنایا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ اوپن ہے اور عام شہری بھی اس کے ممبر بن سکتے ہیں جس کیلئے اسپورٹس کمپلیکس میں موجود دفتر سے مزید معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس کلچر اینڈ ریکریشن رضا عباس رضوی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو کو بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے تحت جو فلٹر پلان یہاں نصب کئے گئے ہیں ان میں کلورین ڈالنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ یہ فلٹر پلان خود کار سسٹم کے تحت کام کرے گا اور پانی کو صاف رکھے گا، یہاں ایک فائبر شیڈ بھی لگایا گیا ہے جو 164 فٹ چوڑا اور 165 فٹ لمبا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے کھیلنے کی جگہ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جہاں مختلف قسم کے جھولے نصب کئے گئے ہیں جبکہ سوئمنگ پول اور ڈائیونگ پول کے اطراف ڈرینج سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ خودکار طریقے سے پانی کی نکاسی ہو سکے، سوئمنگ پول اور ڈائیونگ پول میں خوبصورت ٹائلز استعمال کئے گئے ہیں۔ سوئمنگ پول کے افتتاح کے بعد وہاں موجود فیملیز نے اسے شہر میں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا شکریہ ادا کیا جبکہ بچوں نے اسے گرمیوں کی چھٹیوں کا تحفہ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :