ملک بھر میں آج شب برات پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

منگل 2 جون 2015 11:08

ملک بھر میں آج شب برات پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی ..

لاہور / اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جون2015ء) ملک بھر میں آج شب برات پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ، اس موقع پر مسلمان مرد و زن رب ذوالجلال سے مغفرت ، رزق میں کشادگی اور دوزخ سے برات کی خصوصی دعائیں مانگیں گے۔ اس مبارک رات کو اس کی شان اور عظمت کے پیش نظر نزول رحمت ، برکت اور تقسیم امور کی رات بھی کہا جاتا ہے ۔

اس مبارک رات میں ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

برائت کی ان مبارک گھڑیوں میں رب ذوالجلال اپنی صفات رحمن و رحیم اور رؤف کے ساتھ اپنے بندوں کو طرف متوجہ ہوتا ہے ۔ اس مبارک رات مسلمان توبہ کر کے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے بے شمار مسلمان جہنم سے نجات پاتے ہیں ، اس لیے اس رات کو شبِ برات کہتے ہیں ۔ یہ رات گذشتہ سال کے تمام اعمال بارگاہِ الہٰی میں پیش ہونے اور آئندہ سال ملنے والی زندگی اور رزق وغیرہ کے حساب کتاب کی رات ہے ۔ اس لیے اس رات میں عبادت الہٰی میں مشغول رہنا ، رب کریم کی رحمتوں کے مستحق ہونے کا باعث ہے۔