وار-ٹو کی شوٹنگ اگلے مہینے سے

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 1 جون 2015 00:01

وار-ٹو کی شوٹنگ اگلے مہینے سے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31مئی۔2015ء)ڈائریکٹر – پروڈیوسر ڈاکٹرحسن وقاص رانا کی فلم ’یلغار‘ کے بارے میں کافی عرصہ سےخاموشی ہے ، البتہ اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ وہ ان دنوں بلاک بسٹر ’وار‘ کے سیکوئل پر زور و شور سے کام کر رہے ہیں اور اگلے مہینے لندن میں ’وار ٹو‘ کی شوٹنگ بھی شروع ہو جائے گی۔ وار کے ریلیز ہونے کے بعد ہدایت کار بلال لاشاری اور وقاص رانا کے درمیان مالیاتی جنگ بھی چلتی رہی، تاہم اس مرتبہ وقاص رانا نے’ وار ٹو‘ پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ سکرپٹ رائٹنگ اور ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی اٹھا لی۔

وقاص رانا نے ڈان۔ کام سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی کاسٹ اور کریو شوٹنگ کیلئے لندن جانے والا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شان شاہد اس مرتبہ بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ ان کے ساتھ بلال اشرف اور ایوب کھوسہ بھی ہوں گے۔

(جاری ہے)

’ہم ان تینوں اداکاروں کے ساتھ لندن اور پراگ میں شوٹنگ کا پہلا مرحلہ مکمل کریں گے۔ہماری بعض عالمی اداکاروں سے بھی بات چیت جاری ہے اور جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات عام کی جائیں گی‘۔

جب ان سے پوچھا گیاکہ آیا ہمایوں سعید اور عدنا ن صدیقی بھی فلم میں کام کریں گے؟ تو ان کا کہنا تھاکہ دونوں سے بات چیت ہوئی ہے لیکن ان کے کام کرنے کا دارومدار ان کی مصروفیت پر ہے۔ رانا نے بتایا کہ کریو میں مقامی اور انٹرنیشنل تکنیکی عملہ شامل ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں عکس بندی کے دوران اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔ ’یہ فلم برطانیہ، روس، یوگوسلاویہ، ترکی، کینیڈا اور امریکا میں بنائی جائے گی اور اگلے سال اس کی ریلیز کا منصوبہ ہے۔ فلم ’یلغار‘ کے بارے میں رانا نے بتایا کہ اس کا پہلا پرومو جون میں متوقع اور ریلیز رواں سال ہی شیڈول ہے۔