کوئٹہ،تحریک جوانان پاکستان بلوچستان کے زیر اہتمام سانحہ مستونگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 30 مئی 2015 22:40

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) تحریک جوانان پاکستان بلوچستان کے زیر اہتمام سانحہ مستونگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اور ضلعی عہدیدران نے کہا کہ گزشتہ شب مسافر بسوں سے مسافروں کو اتارنا اور شناخت کے بعد قتل کر نا پشتون و بلوچ روایات منافی ہے واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

انسانی جانوں کا نقصان قابل افسوس اور انسانیت کی توہین ہے۔سانحہ بلوچستان کے قبائل کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی مذموم سازش ہے بلوچستان کے قبائل آپس میں بھائی بھائی ہیں ان کو آپس میں لڑانے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔تحریک جوانان پاکستان جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

نہتے مسافروں کونشانہ بنانامعمول بن چکاہے بلوچستان میں دہشت گردی کامقابلہ کرنے کیلئے حکومت کی موجودہ پالیسی ناکام نظرآتی ہے واقعہ کسی بڑے سانحہ سے کم نہیں۔

کھڈ کوچہ واقعے میں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہ کیا جائے اور ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔سانحہ مستونگ میں بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ ملوث ہے کیونکہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اسکی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی انشاء اﷲ پاکستان دن دگنی رات چگنی ترقی کی منازل طے کریگا اور ملک میں امن کا بول بالا ہو گا۔

حکومت پاکستان کو عالمی برادری کے سامنے ملک میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرنے چاہیے اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا چاہئیے۔ بعد ازاں تحریک جوانان پاکستان بلوچستان نے کل صوبے بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔