بلدیاتی انتخابات کے دوران بعض مقامات پر بدنظمی اور پر تشدد واقعات قابل مذمت ہیں،مشتاق غنی

سہ فریقی اتحاد کے کارکنوں نے پشاور سمیت صوبہ کے دیگر مقامات پر قائم پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا جس کی وجہ سے توڑ پھوڑاور پر تشدد واقعات رونما ہوئے ہیں صوبے کے بعض اضلاع میں خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کے واقعات قابل افسوس ہیں،،جن پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

ہفتہ 30 مئی 2015 22:27

بلدیاتی انتخابات کے دوران بعض مقامات پر بدنظمی اور پر تشدد واقعات قابل ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبہ کے مختلف مقامات پر پر تشدد واقعات میں ہونیوالی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران بعض مقامات پر بدنظمی اور پر تشدد واقعات قابل مذمت ہیں، صوبائی حکومت نے صوبے کے حساس اضلاع میں پولنگ سٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے تھے تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے انتظامات زیادہ تسلی بخش نہیں تھے، پولنگ اسٹیشنز پر بد نظمی اور پر تشدد واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد کے کارکنوں نے پشاور سمیت صوبہ کے دیگر مقامات پر قائم پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا جس کی وجہ سے توڑ پھوڑاور پر تشدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف کی وجہ سے نام نہاد سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے پر امن انتخابات میں بد امنی پھیلانے کی کوشش کی جو کہ قابل افسوس ہے۔ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحومین کی مغفرت کی دعا کرتی ہے۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ صوبے کے بعض اضلاع میں خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کے واقعات قابل افسوس ہیں کیونکہ ووٹ خواتین کا آئینی و جمہوری حق ہے جس سے انہیں محروم نہیں رکھا جا سکتا تھا لیکن خواتین پھر بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ہے۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے واقعات الیکشن کمیشن کے نوٹس میں لائے تھے اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔