حکومت عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے

صوبائی وزیر تعلیم کا آر سی ڈی ایس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 22:17

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔حکومت کو اس حقیقت کا بخوبی احساس ہے کہ وہ تنہا یہ کام نہیں کر سکتی چنانچہ اس مقصد کے حصول کے لئے جو غیر سرکاری تنظیمیں کام کررہی ہیں،وہ قابل ستائش ہیں۔حکومت ان کے کام کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یہاں رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑہ،آ ر سی ڈی ایس کے سی ای او محمد مرتضیٰ اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو شہری سہولتیں فراہم کرنے میں غیر سرکاری تنظیموں کا کابڑی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے پہلے بھی ایسی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو دہشت گردی ،لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نبردآزما ہونے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وزیر تعلیم نے لوگوں کو روزگار،صحت،تعلیم،زراعت اورکاروباری قرضوں کی فراہمی کے لئے آر سی ڈی ایس کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی مزید محنت اور لگن سے لوگوں کی زندگیوں میں سہولتیں لانے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ممبران میں نقد انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :