شبِ بر ات کے موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، ایم ڈی واٹر بورڈ

ہفتہ 30 مئی 2015 21:32

کراچی ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سیّد ہاشم رضا زیدی نے تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرزاور ایگزیکٹو انجینئرکو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شبِ برات کے موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تمام مساجد، امام بارگاہوں اور قبرستانوں میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے اور قبرستان جانے والے راستوں کے اطراف نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھا جائے، قبرستان جانے والوں اور عبادت گزاروں کو اس مقدس رات میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں شبِ برات کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ ا جلاس کے دوران دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز، چیف انجینئرزاور دیگر متعلقہ افسران بھی مو جود تھے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے انجینئرز و عملہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کی خدمت کرنی ہے ہمیں اپنے فرائض منصبی چیلنج سمجھ کر ادا کرنے ہیں شبِ برات کے موقع پر قبرستان جانے والے راستوں، مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف سیوریج کی نکاسی کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں ان جگہوں پر نکاسی آب کو مسلسل رواں رکھا جائے گزر گاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف پانی نہ کھڑا ہونے دیا جائے۔

شب برات پر سیوریج اوور فلو کی شکایت سے شہریوں کو پریشانی نہ ہو، ایگزیکٹو انجینئرز خود ان علاقوں کا دورہ کر کے انتظاما ت کا جائزہ لیں اور اس امرکا یقینی بنائیں کہ تمام انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو تمام انتظامات کی ذمہ دار ہوں۔