وزیراعظم نواز شریف کا بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر پاکستان کو محفوظ اور خوشحال بنا ئیں گے، پاکستان مخالف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے،دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں آئی ایس آئی کی کامیابیاں اور کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال

ہفتہ 30 مئی 2015 21:30

اسلام آباد ۔ 30مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی اور شدت پسندی کو بڑے چیلنج قرار دیتے ہوئے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر پاکستان کو محفوظ اور خوشحال بنا نے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان مخالف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر کیا۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ حال ہی میں کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے جانے والے آپریشنز، دہشت گردی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنانے اور ملک بھر میں دہشت گرد وں کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی سیاسی قیادت کے حالیہ بیان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان مخالف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کارروائیوں پربھی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اجتماعی کوششوں کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کو ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنائیں گے چاہے ہمیں اس کے لئے کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں آئی ایس آئی کی کامیابیوں اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے فرائض منصبی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے آئی ایس آئی کے افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی مثالی انٹیلی جنس ایجنسی پر فخر ہے اور ہم اس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

انہوں نے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام خفیہ اداروں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ مربوط اور فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ تھے۔