اکادمی ادبیات ” قلم کا گیت“ کے عنوان سے انعامی مقابلہ کا انعقاد کرے گی

ہفتہ 30 مئی 2015 21:27

اسلام آباد ۔ 30مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) اکادمی ادبیات پاکستان ”قلم کا گیت“ کے عنوان سے ایک گیت تیارکرانا چاہتی ہے جو مختلف ادبی کانفرسوں میں کورس میں گایا جائے گا۔ گیت کے انتخاب کیلئے اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ایک انعامی مقابلہ کرایا جا رہا ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے کیلئے اکادمی نے کہا ہے کہ شعراء اپنا ترانہ 30 جون 2015ء تک اکادمی کو ارسال کریں۔

اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ججز کے فیصلہ کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے گیت کو مبلغ20,000/- روپے ، دوسرے نمبر پر آنے والے کو مبلغ15,000/- روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے گیت کو مبلغ10,000/- روپے انعام دیا جائے گا۔ مقابلہ میں شرکت کیلئے اکادمی نے قواعد و ضوابط ترتیب بھی دےئے ہیں جس میں گیت میں قلم کی عظمت اور معاشرے میں قیام امن کے سلسلہ میں اہل قلم کے کردار کو اجاگر کیا جائے۔

(جاری ہے)

گیت اردو میں ہو گا اور اس کا دورانیہ تین منٹ سے زیادہ نہ ہو گا۔ صرف پاکستانی شہریت کے حامل شعراء ہی مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے ملازم شعراء مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ ممتاز اہلِ قلم پر مشتمل اکادمی کی قائم کردہ جیوری کا فیصلہ حتمی ہو گا۔ موصول شدہ گیت جیوری کو بغیر نام کے ارسال کئے جائیں گے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والے گیت زیرِ غور نہیں لائے جائیں گے۔ اکادمی ادبیات پاکستان نے گزارش کی ہے کہ ملک بھر کے اہل قلم اس میں بھرپور شرکت کریں۔