کوہاٹ میں مقامی حکومتوں کا انتخابی عمل پرامن ماحول میں اختتام پزیر

ہفتہ 30 مئی 2015 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء)کوہاٹ میں مقامی حکومتوں کا انتخابی عمل پرامن ماحول میں اختتام پزیر ہوگیا۔پولیس نے بد انتظامی کے مرتکب دس افراد کو حراست میں لے کر قانونی کاروائی عمل میں لائی ہے ۔اربن اور رورل کے بعض ایک مقامات پر پولنگ سٹیشنوں میں بد نظمی کے واقعات رونما ہوئے جبکہ مجموعی طورپر صورتحال قابو میں رہی۔ضلع بھرمیں قائم431پولنگ سٹیشنوں پرحفاظتی اقدامات کے سلسلے میں تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ حساس علاقوں میں امن و امان کی فضاء برقراررکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مئوثر طورپر نمٹنے کیلئے پولیس کو پاک فوج کے جوانوں کی مدد بھی حاصل رہی۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف او ر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد علی اصغر نے اندرون شہر اور مضافاتی علاقوں میں قائم مختلف پولنگ سٹیشنوں کے دورے کئے اور ووٹروں وبلدیاتی امید واروں اور پولنگ عملے کے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور موقع پر انتخابی عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد علی اصغر نے چھاؤنی کے علاقہ پبلک ہیلتھ کالونی میں خواتین پولنگ سٹیشن کے دورے کے موقع پر امتناع کے باوجود پولنگ سٹیشن کے اندر گھس کر بد انتظامی پھیلانے والے دو افراد اویس فاروق اورمحمد اویس ساکنان بہزادی چکر کوٹ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں تھانہ چھاؤنی میں بند کردیا تاہم بعد ازاں ان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے رہا کردیا گیا۔

پولنگ کے موقع پر مختلف یونین کونسلوں بلی ٹنگ ،درملک ،یونین کونسل اربن ون ،ٹو ،تھری ،فور،یونین کونسل شیخان ،یونین کونسل محمد زئی،یونین کونسل نصرت خیل،یونین کونسل شاہ پور اور یونین کونسل گنڈیالی کے بعض پولنگ سٹیشنوں پر ہاتھا پائی اور بد نظمی کے واقعات رونما ہوئے تاہم پولیس نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے حالات پر قابو حاصل کر لیااور مختلف انتخابی خلا ف ورزیوں اور بد نظمی کے مرتکب دس افراد کو حراست میں لیکر انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی ہے اس دوران کئی پولنگ سٹیشنوں پر بدنظمی کے باعث پولنگ کا عمل کچھ وقت کیلئے عارضی طور پر معطل رہا تاہم صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک انتخابی عمل بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی۔

اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے مر تکب افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور کسی بھی شخص خصوصاً خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی ہدایات جاری کیں۔