سانحہ ڈسکہ ایک بھیانک خواب ہے، محمد ثروت اعجاز قادری

اعلیٰ سطحی تحقیقات کروا کر ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایاجائے،سانحہ ڈسکہ کی تحقیقات میں کوتاہی برتی گئی توحکمرانوں کیخلاف بھرپور تحریک چلائیں گے،سربراہ سنی تحریک

ہفتہ 30 مئی 2015 20:31

ڈسکہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء)سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاہے کہ سانحہ ڈسکہ ایک بھیانک خواب ہے، اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں اورملزمان کو کیفرکرداتک پہنچایاجائے۔سانحہ ڈسکہ کی تحقیقات میں کوتاہی برتی گئی توحکمرانوں کیخلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔وکلاء کے قتل عام پرانتہائی دُکھ ہے،ہماری ہمدردیاں جاں بحق ہونیوالوں کیساتھ ہیں۔

پرتشدد احتجاج سے وکلاء تحریک کو بدنام کرنیکی سازش کی جارہی ہے،وکلاء اورپولیس دونوں کو افہام وتفہیم سے کام لیناہوگا۔سانحہ مستونک حکومتی ناہلی کا منہ بولتاثبوت ہے،حکمران کے عوام کے جان ومال کاتحفظ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔سانحہ صفورہ گوٹھ اورمستونگ ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔

(جاری ہے)

مجرموں کو کیفرکردارتک پہنچایاجائے۔پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے باوجودپاکستانی حکمرانوں کا بھارت کیساتھ دوستانہ اورمعذرت خواہانہ روّیہ قابل تشویش ہے۔

سعودی عرب میں خودکش دھماکوں پر افسوس ہے مگر عرب حکمرانوں نے جوبویاتھاآج وہی کاٹ رہے ہیں۔سعودی حکومت نے یہودونصاریٰ کی غلامی میں جو کچھ کیااس کے نتائج اس سے زیادہ مختلف نہیں ہوسکتے تھے۔بلوچستان اورکے پی کے بعداب پنجاب اورسند ھ میں بھی سُنی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیگی۔ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کوبھارت اب مزیدظلم وستم اورجبرسے نہیں دباسکتا۔

کشمیرکے مسئلے پرعالمی برادری کو بھی اپنا دہرامعیارترک کرناہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈسکہ بارایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجازقادری کا کہنا تھا کہ مسلم دنیااستعماری قوتوں کے ظلم کی چکی میں مسلسل پس رہی ہے۔پاکستان ترکی اوردیگراسلامی ممالک کے سربراہوں کو چاہیے کہ ایک مضبوط اورمستحکم اسلامی اتحادقائم کریں جومسلم ریاستوں کے معاشی، سیاسی، داخلی اورخارجی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔

اقوام متحدہ روزِاوّل سے ہی اسلام کُش پالیسیوں پرگامزن ہے جبکہ اوآئی سی محض ایک کاغذی اتحادکے سواکچھ نہیں۔اِس موقع پر ایڈوکیٹ محمداویس سمدھو،محمدغضنفرایڈوکیٹ،محمدعمران بٹ ایڈوکیٹ،سُنّی تحریک کے صوبائی رہنمازاہدحبیب قادری،ضلعی رہنما حافظ غلام مرتضیٰ قادری، تحصیل صدرچوہدری محمدسجادحسین قادری ،قاری ذوالفقارسیالوی،حاجی جمیل چشتی سمیت دیگر ممتاز مذہبی، سماجی اورتاجر رہنمابھی موجود تھے۔

درایں اثناء سُنّی تحریک کے ضلعی رہنماحافظ غلام مرتضیٰ قادری کی رہائشگاہ پرصحافیوں، تاجروں اورمختلف سیاسی ومذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے ثروت اعجازقادری نے کہاکہ پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات ناگزیرہوچکے ہیں، خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کاانعقادخوش آئندہے لیکن جب تک اختیارات براہٴ راست عوام تک منتقل نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک ترقی کاخواب شرمندہٴ تعبیرنہیں ہوگا۔

ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کو بھارت اب مزیدظلم وجبرسے نہیں دباسکتا۔عالمی برادری کی منافقت دُنیابھرکے امن وداؤ پر لگا رہی ہے۔عالمی برادی اوربھارت کوہٹ دھرمی چھوڑناہوگی،اورکشمیریوں کو حق خودارادیت دیناہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ملک میں ہونیوالی حالیہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے باوجود ہمارے حکمرانوں کی پُراسراخاموشی انکی حب الوطنی پرسوالیہ نشان لگارہی ہے،حکومت کو قوم کے سامنے اکی وضاحت کرنا ہو گی۔