دمام میں خود کش حملہ اسلام دشمن قوتوں کی جانب سے سعودی عرب میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش ہے،شفیق الرحمن

یمن میں ناکامی کے بعد سرزمین حرمین شریفین کو ہدف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، حملوں میں ملوث یقینا دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں،امیر جماعة الدعوة اسلام آباد

ہفتہ 30 مئی 2015 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ دمام میں خود کش حملہ اسلام دشمن قوتوں کی جانب سے سعودی عرب کے اندر فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی سازش ہے ،یمن میں ناکامی کے بعد سرزمین حرمین شریفین کو ہدف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، جو لوگ ان حملوں میں ملوث ہیں وہ یقینا دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے اور اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں خودکش حملے سرزمین حرمین شریفین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی خوفناک سازش ہے۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔مسلم حکمران، علماء اور دینی جماعتوں کے قائدین سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے توڑ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں کہ جب سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف بھرپور اندازمیں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے ‘ دمام میں خودکش حملہ منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔

اسلام دشمن قوتیں دیگر مسلم ملکوں کی طرح سعودی عرب میں بھی فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت گری پروان چڑھانا چاہتی ہیں۔ مسلم ممالک و عوام کو متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔۔