اسلام آباد،مجلس صوت الاسلام کے زیر اہتمام ایک سالہ تربیت خطباء کورس میں داخلوں کیلئے بارہ سوسے زائددرخواستیں جمع کرا دی گئیں

سکرونٹنی کے بعد کراچی ،اسلام آباد،پشاور اورکوئٹہ کے سنٹروں میں 2سونوجوان خطبا ء کورس میں شرکت کریں گے

ہفتہ 30 مئی 2015 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) مجلس صوت الاسلام کے زیراہتمام پورے پاکستان میں نوجوان آئمہ مساجد وخطباء کیلئے ایک سالہ تربیت خطباء کورس میں داخلوں کیلئے بارہ سوسے زائدنوجوان خطباء نے درخواست دے دی سکرونٹنی کے بعد کراچی ،اسلام آباد،پشاور اورکوئٹہ کے سنٹروں میں 2سونوجوان خطبا ء کورس میں شرکت کریں گے مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہاہے کہ نوجوان خطباء کوتیارکرکے معاشرے سے فرقہ واریت اورشدت پسندی کاخاتمہ کرناچاہتے ہیں تفصیلات کے مطابق نوجوان علماء کی تنظیم مجلس صوت الاسلام پاکستان کے ملک کے چاربڑے شہروں میں تربیت خطباء کورس میں شرکت کیلئے علماء کی بڑی تعدادنے خواہش ظاہرکی ہے اس کے لیے چاروں سنٹروں میں سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں اسلام آبادسنٹرکو 360 پشاور سنٹر کو378کوئٹہ سنٹرکو347اورکراچی سنٹرکو 252درخواستیں موصول ہوئی ہیں منتظمین نے درخواستوں کی سکرونٹنی شرو ع کر دی ہے جن درخواستیں کے ساتھ نامکمل کوائف ہوں گے انہیں پہلے ہی مرحلے میں مستردکردیاجائے گا باقی درخواستوں کی چھانٹی کے بعد ہرسنٹرمیں پچاس پچاس علماء کو کورس میں شرکت کاموقع ملے گا واضح رہے کہ مجلس صوت الاسلام گزشتہ چارسال سے ملک کے نوجوان علماء کیلئے ایک سالہ تربیت خطباء کورس منعقدکروارہی ہے جس میں بلاتفریق مسلک سب علماء کوداخلہ دیاجاتاہے مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے اعلان کیاہے کہ اس کورس میں تمام مسالک کے آئمہ مساجدوخطباء شرکت کرسکتے ہیں اس کورس کامقصدایسے نوجوان علماء وخطباء تیارکرناہے جو فرقہ واریت اورشدت پسندی کی بجائے اتحادویکجہتی اورمعاشرے کی ضرورتوں کے مطابق عوام کی رہنمائی کرسکیں اس ایک سالہ کورس میں فن خطابت کے بنیادی اصول وضوابط ،اسلوب اوردعوة وارشادکی تربیت ،اس کے علاوہ تقاریراورخطبات جمعہ کی تیاری اورمباحث کی تشکیل سمیت ملک کے نامورعلماء کرام ،دانشور،سکالرز نوجوان علماء کرام کو فن تقریرسمیت مختلف امورسکھاتے ہیں مجلس صوت الاسلام ملک کی واحدتنظیم ہے کہ جس کے زیراہتمام چارسوسے زائدمساجدمیں ایک ہی خطبہ جمعہ دیاجاتاہے اورخطباء کو متعلقہ موضوع پرتقریرجمعہ کے دن سے دودن قبل موصول ہوجاتی ہے