عوامی تحریک نے این اے 108میں انتخابی مہم تیز کر دی

8جون کو عوام قاتل حکومت کے ٹکٹ ہولڈرکو مسترد کر دیں گے ‘عائشہ شبیر

ہفتہ 30 مئی 2015 19:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک نے این اے 108ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے انتخابی مہم تیز کر دی ۔این اے 108منڈی بہاؤالدین میں چوہدری اعظم گجر پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار ہیں ۔پاکستان عوامی تحریک کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عائشہ شبیر نے منڈی بہاؤ الدین میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8جون کا سورج چوہدری اعظم گجر کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا،عوام قاتل حکومت کے ٹکٹ ہولڈر کو مسترد کر دیں گے ۔

قیامت خیز لوڈشیڈنگ،دہشت گردی ،مہنگائی اور غربت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔اشرافیہ پچھلے 67سالوں سے ملک کو لوٹ رہی ہے ۔منڈی بہاؤ الدین کے غیور عوام 8جون کو چوروں ،لٹیروں اور قاتلوں کو مسترد کر کے پاکستان عوامی تحریک کو ووٹ دے کر ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھیں ۔

(جاری ہے)

عوام کی حالت بدلنے کا علم اٹھانے والی پاکستان عوامی تحریک غریب عوام کا مقدر بدل دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور خوشحالی باتوں سے نہیں بلکہ قاتل حکمرانوں کے خلاف عملی جدوجہد کرنے سے آئے گی ۔حوا کی بیٹیاں اور بیٹے 8جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں عوام دشمن حکمرانوں کو مسترد کر کے قوم کو خوشحالی کا راستہ دکھائیں ۔عائشہ شبیر نے کہا کہ ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی ۔دہشت گرد،قاتل غنڈے اور ٹیکس چور پورے ملک کو یرغمال بنا چکے ہیں ۔

کرپشن ان حکمرانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے ۔عوامی مسائل کا حل ان قاتل حکمرانوں کی آپشن نہیں ہے ۔اس لئے عوام کو اس ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینا ہو گا ۔8جون کو منڈی بہاؤ الدین کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کر دیں۔ قوم قاتل ،ظالم اور منافق حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو ۔عائشہ شبیر نے کہا کہ مفاد پرست سیاستدانوں کی رسہ کشی اور ذاتی مفادات کے کھیل نے عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال رکھا ہے ۔

جس سے پچھلے 7دھائیوں سے غریب عوام کے حقوق کا استحصال ہو رہا ہے ۔موجودہ خراب ملکی حالات میں سب سے زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔8جون کو خواتین کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے نکلنا ہو گا اور ان چور حکمرانوں کو مسترد کر کے عوام کے حقیقی نمائندوں کو ووٹ دے کر خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی ۔پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ سیاست نہیں ،ریاست بچاؤ کا نعرہ لگا کر اس قوم کو متحد کیا ہے ۔انتخابی جلسے سے این 108کے امید وار اعظم گجر ،راجہ ندیم ،مشتاق احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔