اسلاف کی زندگیاں ہمارے لئے ’’مینارہ نور‘‘ کی حیثیت رکھتی ہیں‘ علامہ راغب حسین نعیمی

مدارس اہل سنت سے امن ،محبت اوررواداری کاپیغام عام کیاجارہا ہے‘ ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 19:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء)اسلاف کی زندگیاں ہمارے لئے ’’مینارہ نور‘‘ کی حیثیت رکھتی ہیں، مدارس اہل سنت سے امن ،محبت اوررواداری کاپیغام عام کیاجارہا ہے،پرامن اور مثالی پاکستان کے قیام کیلئے عوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات اظہارمعروف مذہبی اسکالر ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ راغب حسین نعیمی نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے منعقدہ ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ واریت مسلمانوں کیلئے زہر قاتل ہے،وحدت امت کے بغیر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ممکن نہیں ہے۔ اکیسویں صدی میں چیلنجز کامقابلہ کرنے کے لیے خود انحصاری اور جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مدارس میں تعلیم کے ساتھ بچوں کی تربیت پربھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔اجلاس سے مرکزی صدرپروفیسر لیاقت علی صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2؍جون کو ہونے والی شہید پاکستان کانفرنس کی تمام ترتیاریا ں مکمل کرلی گئی ہیں۔کانفرنس میں مذہبی ،سیاسی ،سماجی اور شہری تنظیموں کی نمائند ہ شخصیات ،نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی ،صوبائی ا ورضلعی عہدیداران ،بزم نعیمیہ کے کارکنان سمیت عوام اہل سنت کی کثیر تعد اد شرکت کرے گی۔