سرمایہ دارانہ نظام اورانسانی معاشرے کی فلا ح کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں ‘ میاں مقصود احمد

اسلام جیسی عالم گیر و جہاں کشا طاقت ہی اس دنیا کی بقا کی ضمانت ہے ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 30 مئی 2015 19:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انسانی معاشرے کی نمو محبت کی زرخیز مٹی میں ہے ، اسلام ہمیں محبت ، شفقت ، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے جبکہ سرمایہ سونے کی چٹان ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرمائے کی خدائی انسان کی بھلائی پر منتج ہو ہی نہیں سکتی ۔ سرمایہ دارانہ نظام اور انسانی معاشرے کی فلاح کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں ،جہاں جہاں سرمایہ دارانہ نظام جمہورت درآئی ہے وہاں سیاست میں سود خوروں ، بدمعاشوں ، جواریوں اور جرائم پیشہ افراد کی پذیرائی ہے ۔

امریکہ سے بھارت اور پاکستان تک سیاست دوگنے چوگنے منافع کی تجارت ہے ۔ امریکہ اور اس کے معاشی نمونے کی تقلید کرنے والے ملکوں میں معاشی عدم مساوات کی بڑھتی ہوئی شرح سیاسی عدم مساوات کا سبب بن رہی ہے ایسے نظام میں معاشی ترقی کے مواقع بھی یکساں نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب تر ، معاشرتی شراکت داری اور سرگرمیاں ماند پڑرہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام پوری دنیا میں بتدریج معاشی عدم مساوات پھیلا رہا ہے ، یہ بینکار ، ماہرین معاشیات اور سرمایہ دار ، ملکوں کے سیاسی ، معاشی اور معاشرتی معاملات میں دخل اندازیاں کرتے ہیں ، یہاں انسانی حقوق کی پامالی اور ناانصافیاں عام ہیں ۔اسلام جیسی عالم گیر جہاں کشا طاقت ہی اس دنیا کی بقا کی ضمانت ہے۔

متعلقہ عنوان :