پاکستان کے ایٹمی اثاثے دشمن کی پہنچ سے باہر ہیں،2015کا پاکستان 1998سے کہیں زیادہ مضبوط ہے،ہماری جوہری صلاحیت اور اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر قومی اتفاق رائے پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت دے رہے ہیں

وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، ایڈمرل(ر) عزیز مرزا، جنرل(ر) عبدالقیوم ،مسعود خان اور دیگر کاخطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 19:21

پاکستان کے ایٹمی اثاثے دشمن کی پہنچ سے باہر ہیں،2015کا پاکستان 1998سے کہیں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت ترقی ، استحکام اور خوش حالی کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ہماری جوہری صلاحیت اور اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر قومی اتفاق رائے پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت دے رہے ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم ایک باشعور اور بالغ نظر قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ہر قسم کے مسلکی ،گروہی اور لسانی تفرقات مٹا کر صرف اور صرف پاکستانی اور مسلمان بن کر اندرونی اتحاد کا مکمل ثبوت فراہم کریں۔

وہ ہفتہ کو یوم تکبیر کے موقع پرنظریہ پاکستان کونسل کے تحت ایوانِ قائد میں "یوم تکبیر__تاریخِ پاکستان کا سنگِ میل"کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح جناب نواز شریف نے 1998میں پوری دنیا کے دباؤ کو نظر اندازکر کے ملک کی بہتری اور عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا اسی طرح اب بھی موجودہ حکومت ہر مرحلے میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔

پاک ،چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا اس نکتے پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے یومِ تکبیر کے بعدپاکستان کیلئے دوسری بڑی خوشخبری ہے۔تقریب کی صدارت کونسل کے چیئرمین زاہد ملک نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایڈمرل(ر) عزیز اے مرزا، سینیٹر جنرل(ر) عبدالقیوم، لیفٹیننٹ جنرل(ر) طلعت مسعود اور معروف سفارتکار مسعود خان نے بھی خطاب کیا۔

زاہد ملک نے کہاکہ یومِ پاکستان اور یومِ آزادی کے بعد یومِ تکبیر تاریخِ پاکستان کا سب سے بڑا اور اہم دن ہے جب ہم نے ایٹمی صلاحیت حاصل کر کے پوری دنیا کو اپنی برتری اور سالمیت کے حوالے سے ایک واضح پیغام دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج پاکستان کے اندرونی استحکام، معاشی ترقی اور عالمی سربلندی کیلئے خلوص کے ساتھ سر گرم عمل ہے اور دنیا کو جان لینا چاہئے کہ 2015کاپاکستان نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کا پاکستان ہے جو 1998کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط ، توانا اور خود انحصار ہے اور اس کی ایٹمی اثاثے ہر طرح سے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ایٹم بم نے ہماری سرحدوں کو مضبوط کر دیا ہے کیونکہ جنگی اصطلاح میں جنگ کی مکمل تیاری ہی جنگ سے بچاؤ کا بہترین طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ہماری جوہری قوت جارحیت کیلئے نہیں بلکہ اپنے دفاع کیلئے ہے اور دشمن کو یہ بات ہمیشہ ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ دفاعی سطح پر ہم ایک مضبوط ترین قوم ہیں۔

کونسل کی مجلسِ عاملہ کے سینئر رکن ایڈمرل(ر) عزیز اے مرزا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے اور ہم ان تمام سائنسدانوں ، ٹیکنیشنزاور افواج ِ پاکستان کے نمائندوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے سال ہا سال کی محنت سے پاکستان کو ایٹم بم کا شاندار تحفہ دے کرمضبوط دفاع فراہم کیا اور پاکستان دشمن قوتوں کو خبردار کر دیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اب بے حد محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

جو اﷲ کے فضل سے نہ انتہا پسندوں کے ہاتھ لگ سکتا ہے اور نہ دہشت گردوں کی پہنچ میں آسکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل(ر) طلعت مسعود نے کہا کہ جوہری قوت بننے کے بعد پاکستان ایک مضبوط ملک بن کر ابھرا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں ہمارے ایٹمی اثاثوں کو غیر محفوظ ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں جس تاثر کی نفی ہم قومی اتحادکے ذریعے ہی کر سکتے ہیں۔

معروف سفارت کار اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل مسعود خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن ہماری تقدیر بدلی تھی ۔ اس لئے ایک زندہ قوم کی طرح ہمارا فرض ہے کہ ہم اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منا کر اپنے مضبوط قومی عزائم کی تجدید کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی توانائی حاصل کرنے کے فیصلے کی پوری دنیانے مخالفت کی لیکن قومی ترجیحات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دنیا پر اپنا عزم اور استحکام ثابت کر دیا جس نے عالمی برادری میں پاکستان کو سر بلند اور باوقار بنا دیا ہے۔سیمینار میں مختلف شعبۂ ہائی زندگی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔