خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بہت بد نظمی ہوئی ، انگوٹھے کے نشانات لینے اور شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بعد بیلٹ پیپر ووٹر کو نہ دینا غیر قانون عمل ہے ، پارٹیوں کی جانب سے من پسند امیدواروں کو ووٹ دینے کیلئے حامیوں کو بوگس بیلٹ پیپرز دیئے گئے ، پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرائے جائیں

سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 30 مئی 2015 19:21

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء ) الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بہت بد نظمی ہوئی ہے ، انگوٹھے کے نشانات لینے اور شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بعد بیلٹ پیپر ووٹر کو نہ دینا غیر قانون عمل ہے اور یہ غیر قانونی عمل انتخابات میں دیکھنے میں آیا ہے جبکہ بعض جگہوں سے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ یہی بیلٹ پیپر اپنے حامیوں کو دیا گیا تاکہ وہ من پسند امیدوار کو ووٹ دے سکیں ، پنجاب حکومت کو چاہیے کہ صوبے میں ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں بلکہ مرحلہ وار انتخابات کرائے جائیں جس سے بدنظمی نہیں ہوگی اور بہتر انتظامات کیے جاسکیں گے ۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کنور دلشاد نے کہا کہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک اچھا عمل ہے اور بلدیاتی قانون بھی اچھا بنایا گیا ہے ، 7 بیلٹ پیپر ایک ووٹر کو دیئے گئے اور ایک ووٹ پول کرنے میں 9 منٹ لگتے ہیں ، الیکشن کمیشن نے بہت کم پولنگ سٹیشن بنائے اور سیکیورٹی کے انتظامات میں بھی خامیاں دیکھنے میں آئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ بعض مقامات پر پولنگ عملے نے دروازے بند کرکے تھپے لگائے جو غیر قانون عمل ہے ۔

کنور دلشاد نے کہا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف نے 32 محکمے بلدیاتی محکموں کو دینے کا قانون بنایا ہے یہ بہت اچھا قانون ہے تاہم اس قانون کی سیکشن 58 کے تحت تمام اختیارات وزیراعلیٰ کو دیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب میں یہی اختیارات وزیراعلیٰ کی بجائے کمشنر کو دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے تجویز دی کہ پنجاب حکومت کو چاہیے ایک ہی دن میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے کیونکہ جس طرح کے پی کے میں بدنظمی ہوئی اس طرح پنجاب میں بھی ہوسکتی ہے لہٰذا الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں رابطہ کرکے ڈویژن وار بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اس سے عملے کو بھی آسانی ہوگی ، سیکیورٹی انتظامات بھی بہتر انداز میں کیے جاسکیں گے ۔