وزیراعظم 6 جون کو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کرینگے ، افتتاحی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک میں منعقد ہوگی

ہفتہ 30 مئی 2015 19:19

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 6 جون کو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کریں گے ، جڑواں شہروں کے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک میں منعقد ہوگی ، تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت وفاقی دارالحکومت میں متعین غیر ملکی سفراء ، بیورو کریٹس ، اہم شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوگی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 23 کلو میٹر طویل میٹر طویل میٹرو ٹریک ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ، ٹریک میں 13 انڈر پاسز اور فلائی اوورز تعمیر کیے گئے ہیں ، ٹریک پر 23 بیس سٹیشن بنائے گئے ہیں ، پورے ٹریک پر بیس سٹیشنوں اور اہم جگہوں پر نگرانی کیلئے خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے ڈیڑھ سے دو لاکھ شہری جڑواں شہروں میں میٹروک کے ذریعے سفر کریں گے ، میٹرو بس اور بیس سٹیشن ایئرکنڈیشنڈ ہوں گے جبکہ بیس سٹیشنوں پر مسافروں کی آمد ورفت کیلئے روایتی سیڑھیوں کے ساتھ برقی زینے بھی نصب کیے گئے ہیں ۔