سانحہ مستونگ سفاکانہ دہشتگردی کی بدترین مثال ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان اپنی نااہلی تسلیم کرکے مستعفی ہوجائیں

پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل کابیان

ہفتہ 30 مئی 2015 19:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ سفاکانہ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان اپنی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے ایک لمحہ کی تاخیر کے بغیر مستعفی ہوجائیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قتل کئے جانیوالے بدقسمت مسافروں کو بسوں سے زبردستی اتار کر ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا اور حکومتی مشینری محض زبانی جمع خرچ کاسہارا لیتی رہی،وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں اورملک کے کسی بھی حصے میں حکومتی رٹ نظر نہیں آر ہی ، پے در پے سانحات نے قوم کوسخت ذہنی اذیت میں مبتلا کررکھا ہے،کوئی بھی منتخب یا سرکاری عہدیدار اپنی نااہلی تسلیم کر تے ہوئے کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں،دہشت گردی کے ہرواقعہ کے بعد بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا بیان جاری کردیا جاتا ہے،سوال یہ ہے کہ ہم نے ’’را‘‘ کی بدمعاشی کا جواب دینے کیلئے اب تک کیا اقدامات اٹھائے ہیں؟،اب صرف اخباری بیانات سے کام نہیں چلے گا قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر دہشت گردی کیخلاف عملی جدوجہد کرنا ہوگی،انہوں نے کہاامن وامان کے مسئلے پر اگلے ہفتے کوئٹہ میں بلائی جانیوالی متوقع آل پارٹیز کانفرنس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا یہ صفرجمع صفر حاصل صفر ہوگا،جب تک ریاست کے تمام ستون خلوص نیت کیساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے کسی بھلائی کی توقع رکھنا فضول ہے۔

متعلقہ عنوان :