میرپور کوٹلی روڈ کی بحالی اور مرمت کیلئے میرپور میں ایڈیشنل سیکرٹری پانی و بجلی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن، ممبر(سندھ) ارسا، ممبر(واٹر) ،ممبر(پاور) واپڈا، نیسپاک اور آزادکشمیر کے تیکنیکی ماہرین کی شرکت اجلاس میں میرپور کوٹلی روڈ منہدم ہونے اور بحالی کے اقدامات پر آزاد کشمیر کی تشویش کا ازالہ ہوگیا ، تکنیکی امور پر تمام فریقین میں اتفاقِ رائے آزاد کشمیر، واپڈا اور نیسپاک کے تیکنیکی ماہرین کمشنر میرپور کیساتھ ہفتہ وار اجلاس میں کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا کرینگے‘ اجلاس میں فیصلہ شرکاء نے سائٹ پر بحالی کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا ، طریقہ کار اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 30 مئی 2015 19:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی و بجلی کی زیر صدارت میرپور کے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں آج ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں خالق آباد چوک کے قریب میرپور۔ کوٹلی روڈ کی بحالی کے کام اور اس ضمن میں آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کی تشویش کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، چیف انجینئرنگ ایڈوائزر/ چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن، ممبر(سندھ) ارسا، ممبر(واٹر) واپڈا، ممبر(پاور)واپڈا، ٹیکنیکل ایڈوائزر واپڈا، کمشنر میرپور ، کمشنر منگلا ڈیم افیئرز، منگلاڈیم کے حکام، نیسپاک اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تیکنیکی ماہرین اور انجینئرز اجلاس میں شریک ہوئے۔

کمشنر میرپور اور ڈین میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اجلاس کو خالق آباد چوک کے قریب میرپور کوٹلی روڈ کے منہدم ہونے پر اپنی تشویش اور ریزروائر رِم کی مرمت کے طریقۂ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

واپڈا اور نیسپاک کے ماہرین کے ساتھ تفصیلی بحث و مباحثے اور گفتگو کے بعداس حوالے سے تمام تیکنیکی امور کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمی دور ہوگئی اور ان امور پر تمام متعلقہ فریقین میں اتفاقِ رائے پیدا ہوگیا۔

بعد ازاں اجلاس کے شرکاء نے سائٹ پر جاری بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں اختیار کئے گئے طریقہ کار اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے زور دیا کہ بحالی اور مرمت کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ منگلا کی جھیل میں پانی ذخیرہ کر نے کے فوائد حاصل کئے جاسکیں۔اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ بحالی اور مرمت کے کام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے واپڈا، نیسپاک اور آزادکشمیر کے تیکنیکی ماہرین کمشنر میرپور کے ساتھ ہفتہ وار اجلاس کریں گے۔ جبکہ اجلاس کی کارروائی کی تفصیلات تمام متعلقہ حکام کو ارسال کی جایا کریں گی۔