وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈی جی خان کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بارے تحقیقاتی رپورٹ پیش

شہباز شریف کا معاملے کے حوالے سے فوری ایکشن نہ لینے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار

ہفتہ 30 مئی 2015 18:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بارے تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کیلئے لائی گئی مشینری کو استعمال میں نہ لانا عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔

کروڑوں روپے مالیت کی مشینری کاڈبوں میں بند پڑے رہنا مجرمانہ غفلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کیلئے منگوائی گئی مشینری کو دو سال تک ڈبوں میں بند رکھ کے عوام پر ظلم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی اپ گریڈیشن کے منصوبے میں بے ضابطگیاں کرنے والوں کواپنے کیے کی سزا ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے استفسارکیا کہ منصوبے کے پی سی ون سے انحراف اورخلاف ورزی پر محکمہ صحت کے حکام نے ایکشن کیوں نہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ پالیسی پر عملدر آمد نہ ہونا بھی افسوسناک ہے ۔عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 70کروڑ روپے کی مشینری کو استعمال میں نہ لانے کاکوئی جواز نہیں بنتا۔غفلت کے ذمہ داروں کو حساب دینا ہوگا۔ایسے افسروں اوراہلکاروں کواپنی عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے تمام معاملات کا مکمل جائزہ لینے کیلئے اعلی اختیارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر غریب قوم کے وسائل کو ضائع کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے معاملے کے حوالے سے فوری ایکشن نہ لینے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ہسپتاوں کے معاملات کو درست کرنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں خراب وبند مشینری کے بارے میں دوہفتے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات تنویر اسلم ملک، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، سیکرٹریز صحت، تعمیرات و مواصلات، منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام کی سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ڈ ی جی خان، پرنسپل میڈیکل کالج ڈی جی خان، ای ڈی او ہیلتھ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کمشنر آفس ڈیرہ غازی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔