چین کے وفد کے اراکین کا وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین

پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے شہباز شریف کا ویژن قابل تعریف ہے

ہفتہ 30 مئی 2015 18:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) چین کے بین الاقوامی ریسرچ ادارے چائنہ اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ایڈیٹوریل ڈائریکٹرساؤتھ ایشین سٹڈیز ژی ہیلن کی قیادت میں 10رکنی سکالرز نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ترقیاتی ویژن کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں ایک عزم اورمحنت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہی ہے اور عوام کی فلاح وبہبودکیلئے جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اس پر عملدر آمد سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

فلاح عامہ کیلئے شہبازشریف کے اقدامات بے مثال اور شاندارہیں۔لاہور سمیت پنجاب میں ایسے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گااوراس ضمن میں شہبازشریف کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں عوامی فلاح کے منصوبے بروقت تکمیل کر کے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے شہباز شریف کا ویژن قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس جیسے منصوبے شہبازشریف کی جانب سے قومی وسائل عوام کی سہولت پر خرچ کرنے کی شاندار مثال ہیں جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچ رہا ہے۔چینی وفد کے سربراہ نے عام آدمی کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ کے میٹروبس پراجیکٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ شہبازشریف نے یہ منصوبے عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے شروع کیے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ پنجاب اس ضمن میں سب سے آگے ہے۔

چینی قونصلر جنرل یو بورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف چین اور چینی عوام کے بہترین دوست ہیں۔چینی وفد نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔