دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں،پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہم ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں‘ہر سطح پر احتساب کیساتھ موثر چیک اینڈ بیلنس انتہائی ضروری ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی چائنہ اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے سکالرز سے گفتگو

پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے شہباز شریف کا ویژن قابل تعریف ہے،سربراہ چینی وفد کا وزیراعلیٰ کے فلاحی اقدامات کو خراج تحسین

ہفتہ 30 مئی 2015 18:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے بین الاقوامی ریسرچ ادارے چائنہ اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ایڈیٹوریل ڈائریکٹرساؤتھ ایشین سٹڈیز ژی ہیلن کی قیادت میں 10رکنی سکالرز نے ملاقات کی ،جس میں پاک چین تعلقات ،پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے منصوبے اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے۔

چین پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد اور مخلص دوست ملک ہے۔وزیراعلیٰ نے چین کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان کے لئے 46 ارب ڈالر کے تاریخی اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے ا وربلاشبہ چین کا اقتصادی پیکیج پاکستان کے عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

پاک چائنہ اکنامک کوریڈورمنصوبے چین کی ویژنری قیادت کا پاکستان کیلئے ایک عظیم احسان ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

46 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکیج میں 33 ارب ڈالر کی خطیر رقم صرف توانائی کے منصوبوں کیلئے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اقتصادی پیکیج اس بات کا مظہر ہے کہ چین کی قیادت اور عوام پاکستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ چین کے صدر کے دورہ کے بعد دونوں ملکو ں کے مابین معاشی تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ چین کے غیر معمولی اقتصادی پیکیج پرپاکستان کی حکومت اورعوام چینی قیادت، حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے منصوبے دونوں ملکوں کی دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط کررہے ہیں اور دنیا کی تاریخ میں ایسے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کی کوئی اورمثال نہیں ملتی،میرے پاس وہ الفاظ نہیں کہ میں چین کے اس عظیم الشان اقتصادی پیکیج پر چینی قیادت اورحکومت کا شکریہ ادا کرسکوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی قومی قیادت نے پاک چین اکنامک کوریڈورمنصوبے پر اتفاق رائے کرکے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اوروسیع تر قومی مفاد میں پاکستان کی سیاسی قیادت کااتحادو اتفاق ایک انتہائی خوش آئند امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے اس تاریخ ساز پیکیج پر عملدرآمد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ قریبی باہمی کوآرڈینیشن اور انتھک محنت سے اس پیکیج پر عملدرآمد کریں گے جس کیلئے تمام متعلقہ اداروں اورمحکموں کو شبانہ روز کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت 50 میگاواٹ کا سولر منصوبہ اگست 2015ء میں مکمل ہوگااور اسی فریم ورک کے تحت 900 میگاواٹ کے سولر منصوبے پر بھی کام جاری ہے جو اگلے سال مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا بہترین دوست ہے اور یہ پیکیج ایک تحفہ سے بڑھ کر ہے۔پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے سے پورے خطے کو فائدہ ہوگااور اس عظیم الشان منصوبے سے خطے میں ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام آئے گا۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور ترقی اور خوشحالی کا وہ پل ثابت ہوگا جس سے اس خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔

میں سمجھتا ہوں کہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو اسے چین کے ماڈل کو اپنانا ہوگاکیونکہ چین نے بامقصد معاشی حکمت عملی ،ڈائیلاگ اوربات چیت کے ذریعے اپنے تنازعات حل کیے اور معاشی ترقی کی منازل تیزی سے طے کی اور آج وہ دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کوتوانائی بحران کے ساتھ دہشت گردی کے چیلنج کابھی سامنا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہیں۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور 50 ہزار سے زائد پاکستانی اس جنگ میں اپنی قیمتی جانیں نچھاور کر چکے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ معاشی و سماجی اقدامات کی گولیاں بھی ضروری ہیں۔

روزگار، تعلیم، صحت اور دیگر اقدامات کرکے انتہاپسندی و دہشت گردی کے رجحانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں اوراس ضمن میں مربوط اقدامات اٹھانا ضروری ہے ،خصوصاً نوجوانوں کو با اختیار بنانے اورانہیں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر کے انتہاء پسندی کے رجحان کا خاتمہ ممکن ہے ۔خطے کی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورہم اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورچین کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی و تجارتی تعلقات اس بات کے متقاضی ہے کہ پاکستان کے نوجوان چینی زبان بھی سیکھیں تاکہ باہمی رابطوں میں آسانی پیدا ہواسی لئے پنجاب حکومت نے لاہور میں چینی زبان سکھانے کا کالج قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کیلئے اساتذہ چین سے آئیں گے اورپاکستانی نوجوانوں کو چینی زبان سیکھائیں گے۔

پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں میٹروبس پراجیکٹس کا تذکر ہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو باعزت اورباوقار ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں ،یہی وجہ ہے کہ لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اوراس عظیم الشان منصوبے کا وزیراعظم محمد نواز شریف اگلے ہفتے افتتاح کر رہے ہیں اوراس منصوبے سے لاکھوں افرادباکفایت تیزرفتار اورجدید سفری سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔

یہ منصوبہ خالصتاً عام آدمی کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے،اسی طرح لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے کا منصوبہ بنایاگیاہے اور یہ منصوبہ چینی قیادت کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ،اس منصوبے کو دوبرس میں مکمل کیا جائے گا۔میں سمجھتا ہوں کہ قومی وسائل عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرنے کی یہ شاندار مثال ہے ،جس سے براہ راست عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے اوروقت کی بچت ہورہی ہے۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیشہ خیمہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ 3 برس کے دوران پنجاب کے تمام دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔دیہی علاقوں میں بسنے والوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے،جس سے دیہی معیشت تیزرفتاری سے ترقی کرے گی اور روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔

دیہی علاقوں میں سڑکوں کا جال پھیلے گا تو خوشحالی آئے گی اور معیار زندگی بلندہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی خدمت، ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کا نام ہے،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی بے لوث خدمت اورانہیں بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے وسائل کو امانت سمجھ کر ان پر خرچ کررہی ہے اورپنجاب میں گورننس کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر سطح پر احتساب کے ساتھ موثر چیک اینڈ بیلنس انتہائی ضروری ہے۔ایڈیٹوریل ڈائریکٹر ساؤتھ ایشین سٹڈیز ژی ہیلن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں عوامی فلاح کے منصوبے بروقت تکمیل کر کے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے شہباز شریف کا ویژن قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے عوام کیلئے جو پروگرام شروع کئے ہیں ان کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس جیسے منصوبے شہبازشریف کی جانب سے قومی وسائل عوام کی سہولت پر خرچ کرنے کی شاندار مثال ہیں۔ چینی قونصلر جنرل یو بورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف چین اور چینی عوام کے بہترین دوست ہیں۔ چین کے قونصلر جنرل یو بورن،صوبائی وزراء چوہدری شیر علی، بیگم ذکیہ شاہنواز، عائشہ غوث پاشا، ایم پی اے سید زعیم حسین قادری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹریز اطلاعات، معدنیات ، منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔