رانا ثنا اﷲ کو دوبارہ وزارت سونپ کر ماڈل ٹاؤن کا سانحہ برپا کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا‘ جمشید اقبال چیمہ

حکمران ایک طرف رہائشی سکیمیں دوسری طرف عوام کو زندہ درگو کرنے کے اقدامات پر بھی عمل پیرا ہیں‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 30 مئی 2015 18:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے رانا ثنا اﷲ کو دوبارہ وزارت کا قلمدان سونپ کر ماڈل ٹاؤن کا سانحہ برپا کرنے پر ایوارڈ سے نوازا ہے ،حکمران ایک طرف رہائشی سکیمیں بنانے کا اعلان کر رہے ہیں تو دوسری طرف عوام کو زندہ درگو کرنے کے اقدامات پر بھی عمل پیرا ہیں ۔

گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ظلم و بربریت کی ایسی داستان ہے جسے پاکستان میں ہونے والے اس طرح کے واقعات میں ہمیشہ سر فہرست رکھا جائے گا ۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کرنے والے رانا ثنا اﷲ خان کو دوبارہ وزارت قانون کا قلمدان سونپ کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کے نزدیک عوام کی کوئی حیثیت نہیں بلکہ یہی نہیں اس واقعہ کے ایک او رمرکزی کردار کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں سفیر مقرر کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انشا اﷲ وہ دن ضرور آئے گا جب حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے اللے تللے پورے کرنے کے لئے وفاق اور پنجاب کے بجٹ میں عوام کا بھرکس نکالنے کا پروگرام تیار کر لیا ہے جسے پی ٹی آئی پیشگی مسترد کرتی ہے اور اسکے خلاف ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ایک طرف رہائشی سکیمیں بنانے کا اعلان کر رہے ہیں تو دوسری طرف ایسی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جسکے باعث عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھینا جارہا ہے ۔