پاکستان کے خلاف عزائم ناکام بنانے کے لئے تمام تراقدامات کریں گے،وزیراعظم

پاکستان کو محفوظ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے چاہے جو بھی قیمت ادا کرنا پڑی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یراعظم کا بھارتی سیاسی قیادت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات پراظہار تشویش وزیراعظم ،آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ ، آپریشن ضرب عضب ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،ہمیں آئی ایس آئی پر فخر ہے،وزیراعظم نواز شریف

ہفتہ 30 مئی 2015 17:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف اور پاک فوج سے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس آئی نے انہیں آپریشن ضرب عضب اور ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق زیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرکا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے انہیں آپریشن ضرب عضب، دہشتگردوں کے خلاف کی کارروائیوں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پرکے جانے والے کامیاب آپریشن پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بیرونی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے پر آئی ایس آئی کی خدمات کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایس آئی پر فخر ہے اور ہم مشترکہ طور پر اپنے دشمن کے عزائم کو شکست دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ محفوظ اورخوشخال پاکستان کیلئے دہشت گردی اورانتہا پسندی بڑے چیلنجز ہیں، تمام ایجنسیاں مربوط کارروائیاں کرکے درپیش خطرات کا مقابلہ کریں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے چاہے جو قیمت ادا کرنا پڑے اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پاکستان کے خلاف عزائم ناکام بنانے کے لئے تمام تراقدامات کریں گے۔ وزیراعظم نے بھارتی سیاسی قیادت کی جانب سے حالیہ پاکستان مخالف بیانات پراظہار تشویش بھی کیا۔